گورنر مہاراشٹرا بی جے پی کی کٹھ پتلی ، شیو سینا کا الزام

   

ممبئی: مہاراشٹر میں شیوسینا نے ہفتے کے روز ریاست کے گورنر بھگت سنگھ کوشیاری پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ بی جے پی کی کٹھ پتلی کی طرح کام کر رہے ہیں اور اگر مرکزی حکومت آئین کو برقرار رکھنا چاہتی ہے تو اسے گورنر کو واپس بلا لینا چاہیے۔ شیوسینا نے کہا کہ مہا وکاس آگھاڑی (ایم وی اے) کی حکومت مستحکم اور مضبوط ہے اور مرکز کو ریاستی حکومت کو نشانہ بنانے کے لئے گورنر کے کندھے کا استعمال نہیں کرنا چاہیے۔شیوسینا نے اپنے ترجمان ’سامنا‘ کے اداریہ میں کہا کہ “گورنر بھگت سنگھ کوشیاری ایک بار پھر خبروں میں ہیں۔ وہ گزشتہ کئی برسوں سے سیاست میں رہے ہیں۔ وہ مرکزی وزیر اور اتراکھنڈ کے وزیر اعلی بھی رہے۔ تاہم ، جب سے وہ مہاراشٹر کے گورنر بنے ہیں، وہ ہمیشہ سے ہی خبروں میں رہتے ہیں، اور کسی نہ کسی تنازعات میں گھرے رہتے ہیں۔ سوال یہ ہے کہ وہ ہمیشہ تنازعات میں کیوں گھرے رہتے ہیں؟ حال ہی میں وہ ریاستی حکومت کے ہوائی جہاز کے استعمال کے حوالہ سے خبروں میں رہے۔ گورنر سرکاری طیارے سے دہرادون جانا چاہتے تھے لیکن حکومت نے اجازت دینے سے انکار کر دیا۔ جمعرات کی صبح وہ طیارے میں سوار ہوئے لیکن طیارے کو پرواز کی اجازت نہیں تھی۔ لہذا انہیں تجارتی پرواز کے ذریعے دہرادون جانا پڑا۔شیوسینا نے کہا کہ اپوزیشن بی جے پی اسے ایک مسئلہ بنا رہی ہے، کوئی بتائے کہ جب حکومت نے ہوائی جہاز کو اڑانے کی اجازت نہیں دی تھی تو وہ جہاز میں بیٹھیں ہی کیوں؟ اداریہ میں کہا گیا کہ یہ گورنر کا ذاتی دورہ تھا اور قانون کے مطابق نہ صرف گورنر بلکہ وزیر اعلی بھی سرکاری طیاروں کو ایسے مقاصد کے لئے استعمال نہیں کرسکتے۔