گورنر میزورم کے عہدہ کو مسترد کرنے ہری بابو سے سی پی آئی کا مطالبہ

   

وشاکھاپٹنم اسٹیل پلانٹ کے تحفظ کیلئے جدوجہد کرنے نارائنا کا اعلان
حیدرآباد۔9 ۔جولائی (سیاست نیوز) سی پی آئی کے قومی سکریٹری ڈاکٹر کے نارائنا نے میزورم کے نامزد گورنر ہری بابو سے مطالبہ کیا کہ آندھراپردیش کے ساتھ ناانصافیوں کے خلاف بطور احتجاج اس عہدہ کو مسترد کردیں۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر نارائنا نے کہا کہ ہری بابو کو اگر وشاکھاپٹنم سے محبت ہے تو انہیں گورنر کا عہدہ قبول نہیں کرنا چاہئے ۔ وشاکھا پٹنم اسٹیل پلانٹ کی برخواستگی سے متعلق مرکز کے فیصلہ پر احتجاج درج کراتے ہوئے اسٹیل پلانٹ کی برقراری کا مطالبہ کرنا چاہئے ۔ نارائنا نے کہا کہ ایک طرف وشاکھاپٹنم کے عوام کے ساتھ ناانصافی ہورہی ہے تو ایسے میں ہری بابو عوام کے جذبات کا لحاظ کئے بغیر گورنر کا عہدہ کیسے قبول کرسکتے ہیں۔ انہوں نے بی جے پی قائدین سے سوال کیا کہ وہ وشاکھاپٹنم اسٹیل پلانٹ کی برقراری کیلئے جدوجہد سے گریز کیوں کر رہے ہیں۔ ڈاکٹر نارائنا نے بتایا کہ وشاکھاپٹنم اسٹیل پلانٹ کو خانگیانے کے خلاف احتجاج 147 دن میں داخل ہوچکا ہے۔ نارائنا نے احتجاج میں حصہ لینے والے قائدین سے ملاقات کرتے ہوئے اظہار یگانگت کیا۔ انہوں نے نائب صدر جمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو سے اپیل کی کہ اس معاملہ میں مداخلت کرتے ہوئے وشاکھاپٹنم اسٹیل پلانٹ کی برقراری کو یقینی بنائے۔ ڈاکٹر نارائنا نے کہا کہ بی جے پی اور وائی ایس آر کانگریس پارٹی آندھرا پردیش کے مفادات کے تحفظ میں ناکام ہوچکی ہیں ۔ اسٹیل پلانٹ کو خانگیانے کے فیصلہ پر جگن موہن ریڈی حکومت کی خاموشی افسوس ناک ہے ۔