گورنر نرسمہن سے کے سی آر کی ملاقات ، اہم مسائل پرتبادلۂ خیال

,

   

قدیم سکریٹریٹ کے انہدام اور ارم منزل میں نئی عمارت کی تعمیر پر بھی بات چیت
حیدرآباد ۔ یکم ستمبر ۔(این ایس ایس ) چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے اتوار کو یہاں راج بھون پہنچ کر سبکدوش شدنی گورنر ای ایس ایل نرسمہن سے ملاقات کی ۔ دونوں قائدین کی اس ملاقات کو اس لئے بھی نمایاں اہمیت حاصل ہوگئی ہے کہ مرکز نے آج تلنگانہ کی نئی گورنر کی حیثیت سے تمل سائی سوندرا راجن کے تقرر کے ساتھ ہی ساتھ نرسمہن کو سبکدوش کردیا ۔ گورنر اور چیف منسٹر نے دونوں تلگو ریاستوں کی تازہ ترین سیاسی صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا ۔ باور کیا جاتا ہے کہ چیف منسٹر نے گورنر سے مرکزی سطح پر اپنی آئندہ تعیناتی کے بارے میں بھی دریافت کیا کیونکہ یہ قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں کہ تلنگانہ کیلئے نئے گورنر کے تقرر کے بعد نرسمہن کو مرکزی سطح پر اہم ذمہ داری دی جائے گی ۔ تملناڈو کی بی جے پی صدر تمل سائی سوندرا راجن کو پہلے کی گئی پیش قیاسی کے بموجب نرسمہن کے جانشین کی حیثیت سے گورنر تلنگانہ مقرر کیا گیاہے ۔ نرسمہن اور کے سی آر نے تلنگانہ کے مختلف مسائل پر گفت و شنید کی ۔ سمجھا جاتا ہے کہ کے سی آر نے نرسمہن سے اس مسئلہ پر بھی اپنے شکوک و شبہات کا ازالہ کرنے کی کوشش کی کہ نئی گورنر تمل سائی سوندرا راجن کہیں ایرم منزل میں نئے سکریٹریٹ کی تعمیر کیلئے قدیم سکریٹریٹ کی عمارت کو منہدم کرنے سے متعلق اُن کی تجویز کی راہ میں حائل تو نہیں ہوں گی ۔ توقع ہے کہ شریمتی سوندرا راجن منگل کو بحیثیت گورنر تلنگانہ اپنے عہدہ کا جائزہ لیں گی ۔