گورنر نرسمہن نے عبوری اسپیکر کو حلف دلایا

,

   

ممتاز خاں نے اردو میں حلف لیا، چیف منسٹر اور اہم شخصیتوں کی شرکت

حیدرآباد ۔ 16 ۔ جنوری (سیاست نیوز) گورنر ای ایس ایل نرسمہن نے آج شام راج بھون میں مجلس کے رکن اسمبلی ممتاز احمد خاں کو قانون ساز اسمبلی کے عبوری اسپیکر کے عہدہ کا حلف دلایا ۔ راج بھون کے دربار ہال میں منعقدہ تقریب میں ممتاز احمد خاں نے اسمبلی کی رکنیت اور پھر عبوری اسپیکر کے عہدہ کا اردو زبان میں خدا کے نام پر حلف لیا۔ ٹھیک 5 بجے حلف برداری تقریب کا آغاز ہوا جو چند منٹوں میں اختتام پذیر ہوئی ۔ تقریب کے آغاز میں سکریٹری لیجسلیچر نرسمہا چاریلو نے عبوری اسپیکر کے تقرر کا اعلامیہ پڑھ کر سنایا۔ ممتاز احمد خاں نے اسمبلی کے قواعد کی پابندی، آدابِ مجلس کو ملحوظ رکھنے اور روایات کی برقراری کا حلف لیا۔ اس موقع پر چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے بغلگیر ہوکر مبارکباد دی اور گلدستہ پیش کیا۔ گورنر ای ایس ایل نرسمہن اور سابق اسپیکر مدھو سدن چاری نے بھی عبوری اسپیکر کو مبارکباد پیش کی۔ تقریب کے آغاز اور اختتام پر قومی ترانہ بجایا گیا۔ تقریب میں وزیر داخلہ محمد محمود علی، صدر نشین قانون ساز کونسل سوامی گوڑ ، چیف سکریٹری ایس کے جوشی ، ارکان پارلیمنٹ صدر مجلس اسد اویسی ،بی ونود کمار، سنتوش کمار، گورنمنٹ وہپ پی راجیشور ریڈی ، ارکان مقننہ بی وینکٹیشورلو، امین الحسن جعفری ، احمد پاشاہ قادری، معظم خاں، کوثر محی الدین، احمد بلعلہ، وی سرینواس گوڑ، کے ایشور، نائب صدرنشین قانون ساز کونسل این ودیا ساگر ، پرنسپل سکریٹری جی اے ڈی آدھر سنہا ، پرنسپل سکریٹری فینانس کے رام کرشنا راؤ ، ڈائرکٹر جنرل پولیس مہیندر ریڈی، کمشنر پولیس حیدرآباد انجنی کمارکے علاوہ عہدیداروں اور سیاسی قائدین نے شرکت کی۔ عبوری اسپیکر کل 17 جنوری کو اسمبلی میں تمام نومنتخب ارکان کو حلف دلائیں گے۔