گورنر نرسمہن کو سرکاری طور پر وداع کیا جائے گا

,

   

Ferty9 Clinic

کل وداعی تقریب منعقد ہوگی ۔ چیف منسٹر چندر شیکھر راو اور ریاستی وزرا شریک ہونگے
حیدرآباد۔5ستمبر(سیا ست نیوز) مسٹر ای ایس ایل نرسمہن کو سرکا ری سطح پر وداع کیا جائے گا اور ان کی وداعی تقریب میں چیف منسٹر مسٹر کے چند رشیکھر راؤ کے علاوہ ریاست کے تمام کابینی وزراء کے علاوہ منتخبہ عوامی نمائندوں اور اہم شخصیتوں کو مدعو کیا جائے گا۔ گورنر تلنگانہ کی حیثیت سے اپنی معیاد مکمل کرتے ہوئے سبکدوش ہونے والے مسٹر ای ایس ایل نرسمہن کی وداعی تقریب 7ستمبر کو راج بھون میں منعقد کی جائے گی ۔ ریاست تلنگانہ کے پہلے گورنر مسٹر ای ایس ایل نرسمہن کی جگہ ڈاکٹر تمل سائی سوندراراجن کی نامزدگی کے فیصلہ کے بعد مسٹر ای ایس ایل نرسمہن چینائی واپس ہو رہے ہیں اور ان کی واپسی سے قبل ریاستی حکومت کی جانب سے ان کے اعزاز میں شایان شان وداعی تقریب کا انعقاد عمل میں لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ریاست آندھراپردیش میں علحدہ تلنگانہ کی تحریک کے عروج کے دوران مرکزی حکومت کی جانب سے مسٹر نرسمہن کو گورنر آندھرا پردیش کے عہدہ پر فائز کیا گیا تھا اور وہ قریب 10 سال اس دستوری عہدہ پر فائز رہے ۔ 2014 میں آندھراپردیش کی تقسیم کے بعد گورنر آندھرا پردیش مسٹر ای ایس ایل نرسمہن دو ریاستوں کے گورنر بنا دیئے گئے تھے اور گذشتہ ماہ ریاست آندھرا پردیش کے گورنر کی نامزدگی تک بھی وہ دونوں ریاستوں کے گورنر رہے ۔7 ستمبر کو مسٹر نرسمہن کی وداعی تقریب اور 8 ستمبر کونئی گورنر ڈاکٹر تمل سائی سوندراراجن کی حلف برداری تقریب منعقد ہوگی۔