حیدرآباد ۔8 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) گورنر ڈاکٹر سوندرا راجن کی جانب سے چیف منسٹر اور ریاستی حکومت پر تنقید کی مذمت کرتے ہوئے وزیر بہبودی خواتین و اطفال ستیہ وتی راتھوڑ نے کہا کہ گورنر اپنے حدود سے تجاوز کر رہی ہیں۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ستیہ وتی راتھوڑ نے کہا کہ گورنر کو اپنے رویہ اور طرز عمل میں تبدیلی لانی چاہئے ۔ چیف منسٹر کے سی آر خواتین کا کافی احترام کرتے ہیں اور کے سی آر پر تنقید کے ذریعہ گورنر نے اپنے حدود پھلانگنے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ راج بھون اور پرگتی بھون کے درمیان کبھی بھی دوریاں نہیں رہیں۔ دونوں ادارے اپنی جگہ برقرار ہیں۔ سابق میں کئی گورنرس نے خدمات انجام دی ہیں لیکن کبھی کوئی تنازعہ نہیں ہوا۔ صرف سوندرا راجن کے ساتھ تنازعہ باعث حیرت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوندرا راجن بی جے پی ترجمان کی طرح بیانات دے رہی ہیں۔ چیف منسٹر کا اختیار ہے کہ وہ جب چاہیں راج بھون جائیں۔ ریاست میں سیلاب کی صورتحال کے دوران گورنر نے حکومت کی اطلاع کے بغیر اضلاع کا دورہ کیا ، حالانکہ اس کی ضرورت نہیں تھی۔ انہوں نے کہا کہ گورنر دراصل تلنگانہ کی تاریخ سے واقف نہیں ہیں ، لہذا وہ 17 ستمبر کو یوم آزادی قرار دے رہی ہیں۔ انہوں نے یاد دلایا کہ مرکزی حکومت نے تلنگانہ کی کئی فلاحی اسکیمات کی ستائش کی ہے۔ر