گورنر نے راج بھون اسکول کا معائنہ کیا

   

طلبہ کے ساتھ گھل مل گئے، معیار تعلیم برقرار رکھنے اساتذہ کو تلقین
حیدرآباد۔/25 اگسٹ، ( سیاست نیوز) گورنر تلنگانہ جشنو دیو ورما نے راج بھون کے تحت موجود سرکاری اسکول کا اچانک معائنہ کرتے ہوئے طلبہ اور اساتذہ سے بات چیت کی۔ گورنر نے تعلیمی معیار کے بارے میں معلومات حاصل کیں اور کہا کہ طلبہ کے تابناک مستقبل کیلئے اساتذہ کو اپنی ذمہ داری نبھانی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ بہتر تعلیم کے ساتھ ساتھ نئی نسل کو سائینس و ٹکنالوجی کی ترقی سے ہم آہنگ کیا جائے تاکہ وہ مستقبل میں ملک کی ترقی میں اہم رول ادا کریں۔ گورنر نے کلاسیس کا معائنہ کرتے ہوئے طلبہ سے بات چیت کی اور ان سے سوالات کئے۔ گورنر نے طلبہ کو تلقین کی کہ وہ اپنی تعلیم پر توجہ دیں اور سماج کی بھلائی کے بارے میں اپنی ذمہ داریوں کا احساس کریں۔ گورنرکے مشورہ اور تلقین سے طلبہ کافی متاثر ہوئے۔ گورنر طلبہ میں گھل مل گئے اور دوستانہ ماحول میں بات چیت کی۔ گورنر نے اسکول میں تعلیم کا بہتر معیار برقرار رکھنے کا ٹیچرس کو مشورہ دیا اور صحت و صفائی کے موثر انتظامات کی تلقین کی۔ جشنو دیو ورما نے کہا کہ بہتر ماحول سے طلبہ اچھی تعلیم حاصل کرسکتے ہیں۔1