گورنر نے راج بھون کمیونٹی ہال میں کینٹین کا افتتاح کیا

   


طلبہ اور صفائی عملہ کو مفت ناشتہ کی فراہمی ،گورنر اور ان کے شوہر نے بچوں کے ساتھ ناشتہ کیا

حیدرآباد: گورنر تلنگانہ ٹی سوندرا راجن نے راج بھون کے کمیونٹی ہال میں انم کینٹین کا افتتاح کیا ۔ کینٹین کے ذریعہ راج بھون اسکول کے طلبہ اور صفائی ورکرس کو روزانہ مفت ناشتہ فراہم کیا جائے گا ۔ گورنر نے طلبہ اور صفائی عملہ کو ناشتہ پیش کرتے ہوئے افتتاحی رسم انجام دی ۔ گورنر نے طلبہ اور صفائی عمل کے ساتھ بیٹھ کر ناشتہ کیا۔ کینٹین کے ذریعہ روزانہ مفت تغذیہ بخش ناشتہ سربراہ کیا جائے گا۔ سری ستیہ سائی سیوا سمیتی نے مفت ناشتہ کی سربراہی کی ذمہ داری لی ہے۔ گورنر سوندرا راجن نے یہ تجویز پیش کی تھی جس پر سری ستیہ سائی سیوا سمیتی نے عمل آوری کا آغاز کیا ۔ گورنر اور ان کے شوہر ممتاز ماہر امراض گردہ ڈاکٹر پی سوندرا راجن نے اپنے ہاتھ سے طلبہ اور صفائی عملہ کو ناشتہ کرایا۔ طلبہ اور صفائی عملہ نے گورنر اور ان کے شوہر کے جذبہ خیر سگالی کی ستائش کی ۔ گورنر نے کینٹین کا مکمل معائنہ کرتے ہوئے سہولتوں کا جائزہ لیا اور طلبہ و صفائی عملہ سے بات چیت کی۔ انہوں نے ناشتہ کے معیار کے بارے میں سوالات کئے۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کی ہمہ جہتی ترقی کیلئے تغذیہ بخش غذا ضروری ہے۔ اسکولی طلبہ اور ورکرس نے گورنر کی ستائش کی اور کہا کہ ایک ماں اور ڈاکٹر کی طرح ان کا مشفقانہ سلوک ہے۔ گورنر نے کہا کہ اکثر بچوں کو لنچ باکس میں جو اشیاء اور غذائیں ہوتی ہیں، وہ صحت کیلئے ٹھیک نہیں ہے۔ طلبہ کو وٹامنس اور معدنیات سے بھرپور غذا دی جانی چاہئے ۔ انہوں نے وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے بچوں کو غذا کی فراہمی سے متعلق اسکیم کے آغاز پر مبارکباد دی ۔