حیدرآباد 4ڈسمبر (سیاست نیوز) گورنر ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن نے اسمبلی انتخابات میں نئے ارکان کے منتخب ہونے پر موجودہ اسمبلی کو تحلیل کردیا ہے۔ گورنر سکریٹری سریندر موہن سے جاری اعلامیہ کی بموجب ریاستی کابینہ نے 3 ڈسمبر کو قرارداد منظور کرکے تلنگانہ کی دوسری اسمبلی تحلیل کرنے سفارش کی ہے۔ گورنر نے سفارش پر دستوری اختیارات کا استعمال کرکے اسمبلی کو تحلیل کردیا۔ 3 ڈسمبر سے اس پر عمل ہوگا۔ اسی دوران چیف الیکٹورل آفیسر وکاس راج نے پرنسپل سکریٹری الیکشن کمیشن اویناش کمار کے ہمراہ راج بھون پہنچ کر گورنر سے ملاقات کی۔ انہوں نے چناؤ میں منتخب امیدواروں اور ان کے حلقہ جات پر مبنی اعلامیہ حوالے کیا۔ واضح رہے کہ نو منتخب ارکان اسمبلی کے ناموں اور پارٹی تفصیلات کے ساتھ اعلامیہ جاری کیا گیا ۔ دستوری قواعد کے مطابق الیکشن کی تکمیل کے بعد چیف الیکٹورل آفیسر گورنر کو نومنتخب ارکان کی فہرست حوالے کرتے ہیں۔ نئی اسمبلی کی تشکیل کے بعد نئی حکومت کو حلف دلایا جاتا ہے۔
