گورنر نے نمائش 2022ء کا افتتاح کیا

   

بغیر ماسک نمائش پہنچنے والوں کو پولیس جرمانے عائد کرے گی: محمد محمود علی

حیدرآباد ۔ یکم ؍ جنوری (سیاست نیوز) گورنر تلنگانہ تمیلی سائی سوندرا راجن نے آج شام نمائش کا افتتاح کیا۔ بغیر ماسک کے نمائش پہنچنے والوں کو داخل ہونے کی اجازت نہ دینے کا نمائش سوسائٹی کو مشورہ دیا۔ نمائش میدان پر کورونا ٹیکہ اندازی مرکز قائم کرنے کی ستائش کی۔ کوویڈ۔19 کے رہنمایانہ خطوط پر سختی سے عمل آوری کرنے کی ہدایت دی۔ اس موقع پر وزیرداخلہ محمد محمود علی کے علاوہ نمائش سوسائٹی کے ذمہ دار موجود تھے۔ کورونا اور اومی کرون کے بڑھتے کیسیس کے پیش نظر اس سال نمائش میں صرف 1500 اسٹالس لگانے کی اجازت دی گئی ہے۔ وزیرداخلہ محمد محمود علی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حیدرآباد کے نمائش کی سارے ہندوستان و بیرون ممالک میں شہرت ہے۔ جموں و کشمیر کے علاوہ ملک کے مختلف ریاستوں اور شہروں کے تاجرین نمائش میں اپنے اسٹالس لگاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس نمائش سے تقریباً 30 ہزار طلبہ کو فائدہ ہوتا ہے۔ نمائش کی آمدنی سے 19 تعلیمی اداروں میں زیرتعلیم طلبہ کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے۔ حکومت کے مختلف محکمہ جات کے اسٹالس نمائش میں لگائے جارہے ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بغیر ماسک کے نمائش نہ پہنچے۔ بغیر ماسک کے نمائش پہنچنے والوں کو پولیس جرمانے عائد کرے گی۔ نمائش میں اسٹالس لگانے والے تاجرین اگر کورونا ٹیکہ نہیں لیا ہے تو وہ یہاں قائم کردہ سنٹر میں ٹیکے لے سکتے ہیں۔ نمائش میں بچوں کے لطف اندوز ہونے کیلئے 16 اقسام کے گیمس کا اہتمام کیا گیا ہے۔ صبح 10 تا دوپہر 3 بجے تک عوام کو اپنی گاڑیوں کے ساتھ نمائش کا نظارہ کرنے کی اجازت دی جائے گی۔ کار کیلئے 600 روپئے، آٹو کیلئے 300 روپئے اور دوپہیوں کی گاڑی کیلئے 100 روپئے فیس وصول کی جائے گی۔ن