گورنر نے پی مہندر ریڈی کو وزارت کا حلف دلایا

   

راج بھون میں سادہ تقریب ، چیف منسٹر، اسپیکر، صدرنشین کونسل ، وزراء ودیگر قائدین کی شرکت
حیدرآباد۔/24 اگسٹ، ( سیاست نیوز) گورنر تمیلی سائی سوندرا راجن نے آج راج بھون میں ایک سادہ تقریب کے دوران بی آر ایس کے رکن قانون ساز کونسل پی مہندر ریڈی کو کابینی وزیر کی حیثیت سے حلف دلایا۔ اس موقع پر چیف منسٹر مسٹر کے سی آر اور اسپیکر اسمبلی پوچارم سرینواس ریڈی، صدر نشین تلنگانہ قانون ساز کونسل جی سکھیندر ریڈی ، وزراء کے علاوہ بی آر ایس کے ارکان اسمبلی، ارکان پارلیمنٹ اور دوسرے قائدین موجود تھے۔ اسمبلی حلقہ تانڈور سے ٹکٹ کے دعویدار پی مہندر ریڈی کو راضی فارمولہ کے تحت تلنگانہ کابینہ میں شامل کرنے کا چیف منسٹر نے فیصلہ کیا تھا۔ واضح رہے کہ وزیر صحت کی حیثیت سے خدمات انجام دینے والے ایٹالہ راجندر کووزارت سے برطرف کردینے کے بعد 2021 سے وزارت میں ایک نشست خالی تھی اُسی جگہ پر مہندر ریڈی کو موقع فراہم کیا گیا ہے۔ پی مہندر ریڈی چار مرتبہ اسمبلی حلقہ تانڈور سے منتخب ہوچکے ہیں۔ 2014 کے اسمبلی انتخابات میں تلگودیشم پارٹی ٹکٹ پر کامیابی حاصل کرنے کے بعد ٹی آر ایس میں شامل ہوگئے تھے اس کے بعد تلنگانہ کے پہلے وزیر ٹرانسپورٹ کی حیثیت سے خدمات انجام دی۔ پی مہیندر ریڈی کی فیملی کا عوام پر کافی اثر و رسوخ ہے، خاندان کے تمام ارکان ہمیشہ عوام کے درمیان رہتے ہیں۔ اسمبلی حلقہ تانڈور کے ساتھ متحدہ ضلع رنگاریڈی میں عوام انہیں کافی پسند کرتے ہیں۔ مہندر ریڈی کی شریک حیات سنیتا ریڈی ضلع رنگاریڈی کی دومیعاد کیلئے ضلع پریشد صدر نشین کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکی ہیں۔ اضلاع کی تنظیم جدید کے بعد ضلع وقارآباد کی پہلی زیڈ پی چیرپرسن کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہی ہیں۔ چھوٹے بھائی پی نریندر ریڈی اسمبلی حلقہ کوڑنگل کی نمائندگی کرتے ہیں جبکہ بڑے بھائی کے فرزد اویناش ریڈی شاہ آباد زیڈ پی ٹی سی رکن کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ پی مہندر ریڈی اور پائیلٹ روہت ریڈی میں اسمبلی حلقہ تانڈور کے ٹکٹ کیلئے رسہ کشی جاری تھی، چیف منسٹر نے دونوں قائدین کو پرگتی بھون طلب کیا راضی فارمولہ کے تحت ٹکٹ روہت ریڈی کو دیا گیا اور وعدہ کے مطابق آج پی مہندر ریڈی کو وزیر کی حیثیت سے حلف دلایا گیا۔ن