گورنر کرن بیدی کیخلاف چیف منسٹر پڈوچیری کا دھرنا جاری

   

پڈوچیری، 16 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) لیفٹننٹ گورنر کرن بیدی کے خلاف راج نواس کے باہر لگاتار چوتھے روز اپنا دھرنا جاری رکھتے ہوئے چیف منسٹر پڈوچیری وی نارائنا سامی نے آج ایک مکتوب مرکز کو ارسال کیا جس میں انھوں نے کرن بیدی پر ’’آمرانہ‘‘ انداز میں کام کرنے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ یہ ہڑتال اُن کے مطالبات کی تکمیل جاری رہے گی۔ وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ کو موسومہ اپنے مکتوب میں چیف منسٹر نے الزام عائد کیا کہ کرن بیدی روزانہ کی اساس پر متوازی نظم و نسق چلارہی ہیں اور ایس سیز، بی سیز، ماہی گیروں اور دیگر پچھڑے طبقات کیلئے بنائی گئی بہبودی اسکیمات میں رکاوٹ پیدا کررہی ہیں۔ نارائنا سامی نے لیفٹننٹ گورنر پر من مانی کا الزام بھی عائد کیا۔