سی پی آئی ریاستی سکریٹری سامبا سیوا راؤ کا مطالبہ
حیدرآباد۔/31 جنوری، ( سیاست نیوز) سی پی آئی کے ریاستی سکریٹری کے سامبا سیوا راؤ نے کہا کہ گورنر کوٹہ کے تحت ایم ایل سی نامزد ہونے والے پروفیسر کودنڈا رام اور صحافی جناب عامر علی خاں کی حلف برداری میں رکاوٹ کو تلنگانہ سماج قبول نہیں کرے گا۔ سامبا سیوا راؤ نے کہا کہ جے اے سی کے صدرنشین کے طور پر پروفیسر کودنڈا رام نے علحدہ تلنگانہ ریاست کی جدوجہد کی قیادت کی تھی۔ حکومت نے ان کی خدمات کے اعتراف میں گورنر کوٹہ کے تحت ایم ایل سی نامزد کیا لیکن قانونی رکاوٹوں کے ذریعہ حلف برداری کو روک دیا گیا۔ اسی طرح سینئر صحافی جناب عامر علی خاں کی نامزدگی کے بارے میں بی آر ایس کی مخالفت غیر ضروری ہے۔ انہوں نے بی آر ایس قائدین سے مطالبہ کیا کہ وہ ہائی کورٹ میں مقدمہ سے دستبرداری اختیار کرتے ہوئے دونوں ایم ایل سی کی حلف برداری کی راہ ہموار کریں۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس کو رکاوٹوں کے بجائے تعمیری اپوزیشن کا رول ادا کرنا چاہیئے۔1