پروفیسر کودنڈا رام اور محمد اظہر الدین کے ناموں کو کابینہ کی منظوری
حیدرآباد30 اگسٹ(سیاست نیوز) ریاستی کابینہ نے گورنر کوٹہ کے تحت قانون ساز کونسل کیلئے پروفیسر کودنڈا رام کے علاوہ سابق کرکٹ کپتان محمد اظہر الدین کے ناموں کو منظوری دی اور گورنر کو روانہ کرنے کافیصلہ کیا ہے۔ گورنر کوٹہ کے تحت ارکان کونسل کی نامزدگی پر گذشتہ دیڑھ برس سے جاری قانونی تنازعہ میں حکومت نے سپریم کورٹ سے ملی مراعات سے استفادہ کرکے نئے ناموں کو منظوری دے کر نام گورنر کو روانہ کئے ہیں۔ حکومت نے سابق میں گورنر کوٹہ کے تحت پروفیسر کودنڈا رام اور جناب عامر علی خان کو رکن کونسل نامزد کیا تھا لیکن قانونی تنازعہ کے سبب دونوں کی رکنیت کو سپریم کورٹ نے 13 اگسٹ کو کالعدم قرار دے کر حکومت اور کابینہ کو اختیار دیا تھا کہ اگر کوئی سفارش کی جاتی ہے تو گورنر اس پر غور کے مجاز ہوں گے۔ تلنگانہ کابینہ میں شامل وزراء نے اجلاس میں سپریم کورٹ کے احکامات کا جائزہ لے کر پروفیسر کودنڈا رام کی دوبارہ نامزدگی اور جناب عامر علی خان نیوز ایڈیٹر سیاست کی جگہ سابق کرکٹر محمد اظہر الدین کے نام کی سفارش کا فیصلہ کیا ۔کابینہ اجلاس میں تلنگانہ میں بارش سے تباہ کاریوں‘ عدالتی احکام کے مطابق ادارہ جات مقامی انتخابات ‘ بی سی تحفظات پر نئی قرارداد کی منظوری و دیگر امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ کابینہ نے ادارہ جات مقامی انتخابات کیلئے پنچایت راج ایکٹ 2018 میں نافذ تحفظات کی حد کو ختم کرکے حکومت کے نئے سروے کے مطابق ذات پات کے اعتبار سے تحفظات کی زمرہ بندی کرکے احکام کی اجرائی کا فیصلہ کیاہے۔ اجلاس میں تلنگانہ میں بارشوں سے تباہ کاریوں کا جائزہ لینے کا فیصلہ کیاہے ۔ علاوہ ازیں کابینہ نے اسمبلی میں کالیشورم معاملہ میں پی سی گھوش کمیشن کی رپورٹ پیش کرنے کے متعلق بھی تبادلہ خیال کیا ۔ کابینہ میں چیف الکٹورل آفیسر کو ادارہ جات مقامی انتخابات کیلئے مکتوب روانہ کرنے کو منظوری دی گئی ۔3