گورنر کو نظرانداز کرنے والے آج ارکان اسمبلی پروٹوکول کی دہائی دے رہے ہیں

   

اسپیکر سے کے ٹی آر کی نمائندگی مضحکہ خیز، گورنمنٹ وہپ اے سرینواس کا الزام
حیدرآباد 16 جولائی (سیاست نیوز) گورنمنٹ وہپ اے سرینواس نے بی آر ایس ارکان اسمبلی کو دھمکیوں کے ذریعہ کانگریس میں شامل کرنے کے الزامات کو مسترد کردیا۔ اُنھوں نے اِس سلسلہ میں کے ٹی آر اور ہریش راؤ کے الزامات پر برہمی کا اظہار کیا۔ سی ایل پی آفس میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے گورنمنٹ وہپ نے بی آر ایس قائدین کو چیلنج کیاکہ ارکان اسمبلی کو دھمکیوں سے متعلق ثبوت عوام کے روبرو پیش کریں۔ اُنھوں نے کہاکہ کانگریس میں شمولیت اختیار کرنے والے ارکان خود دعویٰ کررہے ہیں کہ اُنھوں نے اپنے حلقہ جات کی ترقی کیلئے یہ فیصلہ کیا ہے۔ گورنمنٹ وہپ نے کہاکہ 2014 ء سے انحراف کی حوصلہ افزائی کرنے والے بی آر ایس قائدین آج دستور اور قانون کی دہائی دے رہے ہیں۔ 2014 ء سے اپوزیشن کے 60 ارکان اسمبلی کو بی آر ایس میں شامل کیا گیا تھا۔ اُنھوں نے کے ٹی آر سے سوال کیاکہ بی آر ایس میں شمولیت کے لئے ارکان اسمبلی کو کیا دھمکیاں دی گئی تھیں اور کونسے لالچ دیئے گئے تھے۔ بی آر ایس ارکان اسمبلی کو پروٹوکول نظرانداز کرنے سے متعلق اسپیکر اسمبلی سے شکایت کو اے سرینواس نے مضحکہ خیز قرار دیا۔ اُنھوں نے کہاکہ بی آر ایس دور حکومت میں گورنر ڈاکٹر سوندرا راجن اُس وقت کے صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی، ارکان اسمبلی سیتکا اور کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی کو پروٹوکول نہیں دیا گیا تھا۔ جس پارٹی نے گورنر اور قائد اپوزیشن کو مستحقہ پروٹوکول نہیں دیا، آج وہ کانگریس حکومت پر الزام تراشی کررہی ہے۔ اُنھوں نے سوال کیاکہ اپوزیشن ارکان اسمبلی کو نظرانداز کرتے ہوئے اُس وقت اسمبلی قواعد کا خیال کیوں نہیں آیا۔ اُنھوں نے کہاکہ تلنگانہ میں انحراف کی بنیاد ڈالنے والے کے سی آر خود آج اُس کا شکار ہوچکے ہیں۔ اسمبلی میں بھٹی وکرامارکا کو لیڈر آف اپوزیشن کے موقف سے محروم کرنے کیلئے کے سی آر نے کانگریس کے 10 ارکان کو انحراف کی ترغیب دی تھی۔ کے سی آر کو برداشت نہیں تھا کہ ایک دلت لیڈر آف اپوزیشن کے عہدہ پر فائز رہے۔ گورنمنٹ وہپ نے کہاکہ 15 اگسٹ سے قبل کسانوں کی قرض معافی اسکیم پر عمل آوری کا آغاز ہوگا جس کے تحت 30 لاکھ خاندانوں کو 31 ہزار کروڑ کے قرضہ جات معاف کئے جائیں گے۔ اُنھوں نے کہاکہ کوئی بھی مستحق کسان اسکیم سے محروم نہیں رہے گا۔ 1