گورنر کے خطبہ میں این پی آر کا عدم ذکر

   

مجلس کا اظہار حیرت ، کیرالا کے طرز پر تلنگانہ میں حکم التواء پر زور
حیدرآباد ۔ 6 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : مجلس نے گورنر کے خطبہ میں این پی آر کا تذکرہ نہ ہونے پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کیرالا کی طرز پر تلنگانہ میں بھی این پی آر پر حکم التواء عائد کرنے کا حکومت تلنگانہ سے مطالبہ کیا ۔ اسمبلی بجٹ اجلاس کے پہلے دن گورنر تمیلی سائی سوندرا راجن کے دونوں ایوانوں کے ارکان سے مشترکہ خطاب کے بعد اسمبلی کی کارروائی کل تک ملتوی کردی گئی ۔ جس کے بعد میڈیا پوائنٹ پر خطاب کرتے ہوئے مجلس کے رکن اسمبلی احمد پاشاہ قادری نے یہ بات بتائی ۔ اس موقع پر مجلس کے ارکان اسمبلی احمد بلعلہ ، معظم خاں ، کوثر محی الدین ، جعفر حسین معراج ، ارکان قانون ساز کونسل امین الحسن جعفری ، ریاض الحسن آفندی بھی موجود تھے ۔ احمد پاشاہ قادری نے کہا کہ ہمیں امید تھی کہ گورنر کے خطبہ میں این پی آر کا کوئی تذکرہ ہوگا مگر ہمیں مایوسی ہوئی کہ گورنر نے اس پر کوئی ردعمل کا اظہار نہیں کیا ۔ مرکزی حکومت نے یکم اپریل سے سارے ملک میں این پی آر پر عمل کرنے کا اعلان کیا ہے جس سے عوام میں تشویش پائی جاتی ہے ۔ وہ تلنگانہ حکومت سے اپیل کرتے ہیں کہ ریاست کیرالا کی طرز پر تلنگانہ میں بھی این پی آر پر حکم التواء عائد کرنے کی اسمبلی میں قرار داد منظور کریں ۔ گورنر کے خطبہ اظہار تشکر مباحث اور بجٹ سیشن کے دوران مجلس این پی آر کے علاوہ دوسرے عوامی مسائل پر آواز اٹھائے گی اور این پی آر کے خلاف فیصلہ کرنے کے لیے حکومت کو مجبور کرے گی ۔۔