گورنر کے رویہ پر چیف منسٹر کا اظہار عدم اطمینان

,

   

وزراء کو تبصرہ سے گریز کا مشورہ، حکومت نے کبھی بھی نظر انداز نہیں کیا

حیدرآباد۔/13 اپریل، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤنے گورنر ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن کے رویہ پر اپنے عدم اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ گورنر کے انداز کارکردگی سے حکومت کیلئے مشکلات پیدا ہورہی ہیں۔ باوثوق ذرائع کے مطابق کابینہ کے اجلاس میں گورنر کے مسئلہ پر چیف منسٹر اور کئی وزراء نے اظہار خیال کیا۔ ذرائع کے مطابق چیف منسٹر نے کہا کہ سوندرا راجن غیر معمولی جوش و خروش کا مظاہرہ کرتے ہوئے حکومت کیلئے مشکلات پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق چیف منسٹر کا کہنا تھا کہ گورنر کے کام کاج سے یہ محسوس نہیں ہوتا کہ ان کا حکومت سے کوئی تعلق ہے۔ حکومت کے وجود کے بغیر جس طرح کام کیا جاتا ہے سوندرا راجن اسی انداز میں آگے بڑھ رہی ہیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ وزیر اعظم اور مرکزی وزیر داخلہ سے ملاقات کے بعد گورنر نے تلنگانہ حکومت کی جانب سے نظر انداز کرنے سے متعلق جو بیان دیا ہے وہ حقائق سے بعید ہے۔ چیف منسٹر اور وزراء کا کہنا تھا کہ گورنر ابتداء ہی سے حکومت کیلئے دشواریاں پیدا کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر سوندرا راجن کے ساتھ کبھی بھی پروٹوکول کی خلاف ورزی نہیں کی گئی۔ گورنر اپنے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے مختلف پروگراموں میں شرکت کررہے ہیں۔ چیف منسٹر نے وزراء کو مشورہ دیا کہ وہ گورنر کے بارے میں میڈیا میں ریمارکس کرنے سے گریز کریں کیونکہ اس سے اپوزیشن کو سیاست کا موقع مل سکتا ہے۔گورنر نے دہلی کے اپنے حالیہ دورہ میں وزیراعظم اور امیت شاہ سے شکایت کی تھی ۔ر