گورنر کے طور پر تقرر ملک پیٹ عوام کیلئے تحفہ،اندرسین ریڈی کا وزیراعظم سے اظہار تشکر

   

حیدرآباد ۔19۔اکتوبر (سیاست نیوز) بی جے پی کے سینئر لیڈر این اندرسین ریڈی نے تریپورہ گورنر کی حیثیت سے تقرر پر وزیراعظم نریندر مودی سے اظہار تشکر کیا ۔ حیدرآباد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اندرسین ریڈی نے کہا کہ بی جے پی میں موجود افراد کو پارٹی کی جانب سے مناسب شناخت دی جاتی ہے جس کا ثبوت میرا گورنر نامزد کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مجھے گورنر بنائے جانے پر بے حد خوشی ہے اور مرکزی حکومت نے ملک پیٹ کے عوام کو یہ منفرد شناخت فراہم کی ہے۔ میں ہمیشہ ملک پیٹ کے عوام کا شکر گزار رہوں گا۔ انہوں نے تریپورہ کی ترقی کے لئے گورنر کی حیثیت سے اقدامات کرنے کا تیقن دیا۔ واضح رہے کہ اندرسین ریڈی متحدہ آندھراپردیش میں حلقہ اسمبلی ملک پیٹ سے منتخب ہوچکے ہیں۔ بی جے پی میں انہیں کئی اہم عہدوں پر فائز کیا گیا ۔ یکم جنوری 1953 ء کو ان کا جنم ہوا اور 1983 ، 1985 اور 1999 میں ملک پیٹ اسمبلی حلقہ سے بی جے پی کے ٹکٹ پر منتخب ہوئے۔ 1989 اور 1994 میں انہیں ملک پیٹ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔ انہیں 2014 ء میں پارٹی کا قومی سکریٹری اور 2020 ء میں پارٹی کی قومی کمیٹی میں خصوصی مدعو کے طور پر شامل کیا گیا۔