گورنر گوا کے ریمارکس سے راج بھون کا وقار مجروح

   

ممبئی ۔ 18 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) شیوسینا کے اخبار ’’سامنا‘‘ نے اپنے اداریہ میں لکھا ہیکہ گورنر گوا ستیہ پال ملک کے حالیہ ریمارکس سے بالعموم راج بھون کا وقار مجروح ہوا ہے گوا کے گورنر نے حال ہی میں اترپردیش کے باغپت میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مبینہ طور پر یہ کہا تھا کہ ملک میں گورنرس زیادہ کام نہیں ہوتا اور جموں و کشمیر میں گورنر کا کام ’’شراب پینا اور گولف کھیلنا ہے‘‘۔ شیوسینا نے کہا کہ گورنر گوا نے اپنے ان ریمارکس کے ذریعہ جموں و کشمیر کے عوام کی توہین کی ہے جہاں قبل ازیں وہ خود گورنر کے عہدہ پر فائز رہ چکے ہیں۔ شیوسینا کا کہنا ہیکہ گورنر اندر کیا کرتے ہیں یہ ان کااختیار تمیزی ہوتا ہے لیکن انہیں اس طرح ڈسپلن کی حدوں کو پار نہیں کرنا چاہئے۔ ملک کے تمام گورنرس کو متحد ہوکر ستیہ پال ملک کے الزامات کا جواب دینا چاہئے۔ شیوسینا نے کہا کہ اگر گورنرس کو کرنے کیلئے کوئی کام نہیں ہے تو پھر ان سفید ہاتھیوں کی دیکھ بھال کیوں کی جائے‘‘؟۔