گورنر ہاؤس کے باہر ترنمول کانگریس کا دوسرے روز بھی احتجاج

   

Ferty9 Clinic

کولکاتا : مرکزی حکومت کے ذریعہ منریگا اور دیگر مرکزی اسکیموں کی فنڈنگ روکے جانے کے خلاف راج بھون کے باہر ترنمول کانگریس کا احتجاج دوسرے دن بھی جاری ہے ۔ترنمول کانگریس کے کارکنان اس میں حصہ لے رہے ہیں ۔راج بھون کے شمالی گیٹ کے باہر ترنمول کانگریس نے اب باضابطہ طور پر اسٹیج لگادیا ہے ۔پارٹی نے کہا ہے کہ جب تک گورنر ترنمول کانگریس کے وفد سے ملاقات نہیں کرتے ہیں اس وقت تک احتجاج جاری رہے گا۔خیال رہے کہ 2اور3اکتوبر کو ترنمول کانگریس نے دہلی میںاس معاملے میں احتجاج کیا تھا ۔3اکتوبر کی شام کو ترنمول کانگریس کا وفد جنتر منترسے کرشی بھون مرکزی وزیر مملکت دیہی ترقی سے ملاقات کرنے کیلئے پہنچا۔رات 9بجے تک کرشی بھون میں دیہی ترقی کے وزارت کے دفتر کے باہر ترنمول کانگریس کا وفد بیٹھا رہا لیکن مرکزی وزیر مملکت نے ملاقات نہیں کی ۔بعد میں دہلی پولس نے انہیں وہاں سے جبراً ہٹاکر دو گھنٹے تک پولس حراست میں رکھنے کے بعد رہاکردیا۔پولس حراست سے رہا ہونے کے بعدابھیشیک بنرجی نے کولکاتا میں گورنر ہائوس کے باہر احتجاج کرنے اور انہیں میمورنڈم سونپنے کا اعلان کیا تھا۔مگر گورنر چہارشنبہ کو ہی کولکاتا سے کیرالہ کیلئے روانہ ہوگئے ۔بعد میںشمالی بنگال میں سیلاب کی صورت حال پیدا ہونے کے بعد وہ دہلی سے براہ راست شمالی بنگال کے اضلاع کا دورہ کیا اور دورہ مکمل کرنے کے بعد کولکاتالوٹنے کے بجائے دہلی کیلئے روانہ ہوگئے ۔