حیدرآباد: گورنر ہماچل پردیش بنڈارو دتاتریہ آج نلگنڈہ جاتے ہوئے راستہ میں کار حادثہ میں کرشماتی طور پر محفوظ رہے۔ آج صبح یادادری بھونگیر کے چوٹ اپل منڈل کے کیتھا پورم گاؤں میں ان کی کار بے قابو ہوگئی اور سڑک کے کنارے جھاڑیوں میں درخت سے ٹکرا گئی ۔ بنڈارو دتاتریہ کسی تقریب میں شرکت کیلئے نلگنڈہ جارہے تھے ۔ حادثہ کے وقت ان کا پی اے اور ڈرائیور ساتھ تھے۔ ذرائع نے بتایا کہ کار کا اسٹیرنگ سفر کے دوران اچانک لاک ہوگیا جسکے نتیجہ میں کار بائیں جانب سڑک سے نیچے اتر گئی ۔ اس حادثہ میں کوئی زخمی نہیں ہوئے۔ ڈرائیور نے چالاکی کے ساتھ کار کو جھاڑیوں میں روک دیا جس کے نتیجہ میں حادثہ ٹل گیا۔ اس واقعہ کے بعد دتاتریہ دوسری کار میں نلگنڈہ روانہ ہوگئے ۔ حادثہ میں سرکاری گاڑی کو نقصان پہنچا۔ نلگنڈہ میں مختلف تنظیموں کی جانب سے دتاتریہ کی تہنیتی تقریب کا اہتمام کیا گیا تھا ۔ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی بلا لحاظ سیاسی وابستگی کئی قائدین نے بنڈارو دتاتریہ سے ربط قائم کرکے خیریت دریافت کی اور حادثہ میں محفوظ رہنے پر اطمینان کا اظہار کیا۔