گورنمنٹ اردو میڈیم اسکولس کے مستقبل پر اجلاس

   

تعلیمی معیار کو بڑھانے پر غوروفکر، مختلف شخصیتوں کی شرکت

حیدرآباد ۔ 18 ستمبر (راست) فاؤنڈیشن فار اکنامک اینڈ ایجوکیشنل ڈیولپمنٹ (فیڈ) حیدرآباد کی جانب سے شہر حیدرآباد کے اردو دانشوروں کی ایک میٹنگ بضمن حکومت کی نئی قومی تعلیمی پالیسی و اردو کا مستقبل، جناب ضیاء الدین نیر، ٹرسٹی فیڈ کی صدارت میں ٹرسٹ آفس بیگم پیٹ پر منعقد ہوئی ۔جس میں ٹرسٹی فیڈ جناب سید عبدالمزل ہود کے علاوہ ڈاکٹر سید اسلام الدین مجاہد، جناب بشیرالدین فاروقی، جناب ایم اے حمید، جناب ایم ایس فاروق، جناب فاروق طاہر، جناب خواجہ طاہر علی نے شرکت کی۔ حکومت کی موجودہ تعلیمی پالیسی اور اردومیڈیم اسکولس کی صورتحال پر سیر حاصل گفتگو کی۔ اس میں سدھار لانے کیلئے قیمتی مشوروں سے نوازا گیا۔ شرکاء نے اردو میڈیم اسکولس کے تئیں فیڈ کی 27 سالہ خدمات کو سراہا اور فیڈ کے ذمہ داروں کو یہ مشورہ دیا کہ ٹرسٹ کی جانب سے مزید تجربہ کا اور ٹرینڈ اساتذہ کی خدمات حاصل کی جائیں تو اردو میڈیم اسکولس کے معیار میں کافی سدھار لایا جاسکتا ہے۔ تمام شرکاء نے اس پروجیکٹ میں بوقت ضرورت مشاورت کیلئے اپنے آپ کو پیش کیا۔ جناب ضیاء الدین نیر کے اختتامی خطاب پر میٹنگ کا اختتام ہوا۔