حیدرآباد ۔ 4 اپریل (سیاست نیوز) چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے آئندہ تعلیمی سال سے گورنمنٹ اسکولس میں نرسری، ایل کے جی اور یو کے جی شروع کرنے کے پلانس کے بارے میں بتایا۔ ابراہیم پٹنم میں ایم ایل سی، اے وی این ریڈی کے اے وین این لیک فیلڈ گلوبل اسکول کی افتتاحی تقریب میں شرکت کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ اولیائے طلباء ان کے بچوں کو خانگی اسکولس میں نرسری، ایل کے جی اور یو کے جی کی تکمیل کے بعد گورنمنٹ اسکولس بھیجنے کیلئے آمادہ نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’اگر گورنمنٹ اسکولس میں نرسری، ایل کے جی اور یو کے جی کو شروع کیا گیا تو اولیائے طلباء کے پاس ان کے بچوں کو گورنمنٹ اسکولس بھیجنے کا آپشن ہوگا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ریاست میں 26 ہزار گورنمنٹ اسکولس ہیں جن میں 18 لاکھ سے زائد طلبہ تعلیم حاصل کررہے ہیں۔ دوسری طرف 11 ہزار خانگی اسکولس ہیں جن میں 33 لاکھ بچے زیرتعلیم ہیں۔ انہوں نے عوامی نمائندوں پر زور دیا کہ پارٹی خطوط سے بالاتر ہوکر اس مسئلہ پر توجہ دیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ’’گورنمنٹ اسکولس میں معیارتعلیم کو بہتر بنانا میرا اصل مقصد ہے‘‘۔ چیف منسٹر نے مزید کہا کہ اس سال ان کی حکومت 100 ینگ انڈیا انٹگریٹیڈ ریسیڈنشیل اسکولس شروع کرے گی جہاں نرسری تا ایس ایس سی تعلیم کی پیشکش کی جائے گی۔MAY