گورنمنٹ اسکولس میں کورونا کیسیس میں اضافہ

   

تین اضلاع میں 6 ٹیچرس اور 9 طلبہ کورونا سے متاثر
حیدرآباد ۔ 8 ستمبر (سیاست نیوز) ریاست کے سرکاری اسکولس میں کورونا کے کیسیس میں دن بہ دن اضافہ ہو رہا ہے۔ اضلاع ملگو، نرمل، محبوب آباد کے گورنمنٹ اسکولس میں چند ٹیچرس اور طلبہ کورونا سے متاثر ہوئے ہیں۔ ضلع ملگو کے ملم پلی ضلع پریشد اسکول میں پیر کو کرائے گئے کورونا ٹسٹ میں 4 ٹیچرس کا نتیجہ پازیٹیو برآمد ہوا۔ جس پر محکمہ صحت کے عہدیداروں نے منگل کو اسکول کے دیگر ٹیچرس اور طلبہ کاکورونا ٹسٹ کرنے پر ایک خاتون ٹیچر اور 6 طلبہ کا نتیجہ پازیٹیو برآمد ہوا۔ ضلع نرمل کے کالیشورم منڈل میں واقع ہاور گا کے پرائمری گورنمنٹ اسکول میں منگل کو 63 طلبہ کا کورونا ٹسٹ کرایا گیا جس میں تین طلبہ کا ٹسٹ پارزیٹیو برآمد ہوا ہے۔ ضلع محبوب آباد کے کوروی منڈل میں واقع مگدلہ گوڑم کے ضلع پرشد اسکول میں ایک ٹیچر پیر کو کورونا سے متاثر ہوگئی۔ جس پر اسکول کے دوسرے ٹیچرس اور طلبہ کا منگل کو کورونا ٹسٹ کرایا گیا۔ جس میں سب کا نتیجہ نگیٹیو برآمد ہوا۔ ضلع ونپرتی کے امرچنتا منڈل ہیڈ کوارٹر میں واقع ضلع پریشد ہائی اسکول میں 190 طلبہ کا کورونا ٹسٹ کیا گیا تاہم ان میں 6 طلبہ کے ٹسٹ کا نتیجہ پازیٹیو برآمد ہونے کی سوشل میڈیا میں افواہیں گشت ہو رہی تھی جس میں طبی عملہ پر نتائج کو خفیہ رکھنے کا بھی الزام عائد کیا گیا ہے۔ اطلاع ملتے ہی کلکٹر لیمین باشاہ کی ہدایت پر ڈی ای او رویندر نے منگل کو اسکول کا دورہ کرتے ہوئے تمام طلبہ کا دوبارہ کورونا ٹسٹ کرایا جس میں تمام طلبہ کا نتیجہ نگیٹیو برآمد ہوا جس پر سب نے راحت کی سانس لی۔ N