نظام آباد۔18/ اپریل(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)نظام آباد گورنمنٹ جنرل ہاسپٹل کا دورہ ڈی ایم ای پروفیسر ڈاکٹر نریندر کمار کی قیادت میں اعلیٰ حکام کے ایک وفد نے دورہ کیا۔ ڈی ایم ای کے ہمراہ ریاستی ایم ایس آئی ڈی سی کے چیف انجینئر دیویندر اور دیگر حکام بھی اسپتال پہنچے اور انتظامی طریقہ کار کا بغور جائزہ لیا۔ انہوں نے اسپتال میں دستیاب سہولیات اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی خدمات کا معائنہ کیا اور اسپتال کے سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر سرینواس اور سرکاری میڈیکل کالج کے پرنسپل ڈاکٹر شیواکمار سے تفصیلات حاصل کیں۔اس موقع پر انہوں نے اسپتال میں مرمتی کاموں کے بارے میں ضلع کلکٹر راجیوا گاندھی ہنمنتو سے زوم ایپ ذریعے بات چیت کی۔ جو اس وقت فیلڈ وزٹ پر تھے۔حکام نے بتایا کہ نظام آباد جی جی ایچ کی کارکردگی پر ریاستی وزیر صحت دامودھر راجا نرسمہا اور ریاستی حکومتی مشیر محمد شبیر علی نے حیدرآباد میں اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس کے دوران ہدایات جاری کیں جن کی بنیاد پر ڈی ایم ای کی قیادت میں وفد نے اسپتال کا دورہ کیا۔جائزہ اجلاس کے دوران سرکاری مشیر شبیر علی نے ڈی ایم ای اور دیگر حکام کی توجہ اس جانب مبذول کرائی کہ عام زچگیوں کی تعداد میں کمی واقع ہو رہی ہے، اور اگرچہ میڈیکل کالج سے منسلک مختلف شعبوں میں ماہر ڈاکٹرز موجود ہیں، پھر بھی کئی ایمرجنسی کیسز کو حیدرآباد کے نِمس، عثمانیہ اور گاندھی اسپتالوں کو بھیجا جا رہا ہے۔ حکومتی مشیر نے جائزہ میں زور دیتے ہوئے کہا کہ اسپتال میں طبی خدمات کو مزید بہتر بنانے اور فوری طور پر مرمت کے کاموں کی ضرورت ہے۔ ان ہدایات کی روشنی میں ریاستی حکام کے وفد نے جی جی ایچ کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اور تفصیلی جائزہ لیا۔انہوں نے مرمت کے لیے منظور شدہ فنڈز ان سے جاری کاموں کی پیش رفت اور زیر التوا کاموں کی تفصیلات بھی حاصل کیں۔ اس کے علاوہ مختلف شعبوں میں درکار جدید کاری، اور اسپتال کے انتظام کو مزید بہتر بنانے کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر کلکٹر سے تبادلہ خیال کیا بعد ازاں ڈی ایم ای پروفیسر ڈاکٹر نریندر کمار نے بتایا کہ گورنمنٹ جنرل ہاسپٹل نظام آباد کو 3.50 کروڑ روپے ضلع کے عوام کی طبی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے، حکومت نے نظام آباد کے گورنمنٹ میڈیکل کالج اور جنرل اسپتال (جی بی ایچ) کی ترقی کے لیے 3.50 کروڑ روپے کی گرانٹ منظور کی ہے۔ انہوں نے یہ بھی ہدایت دی کہ مائیکرو بائیولوجی، بایو کیمسٹری، پیتھالوجی اور دیگر لیبارٹریز کو جدید سہولیات سے آراستہ کیا جائے۔ ڈی ایم ای نے کہا کہ ان کاموں کو جلد مکمل کیا جائے تاکہ عوام کو بہتر طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔