تعلیمی معیار اور انفراسٹرکچرپر توجہ، سکریٹری تعلیم یوگیتا رانا کا عہدیداروں اور پرنسپلس کے ساتھ اجلاس
حیدرآباد ۔ 27۔ جون (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت سرکاری جونیئر کالجس میں معیار تعلیم کو بہتر بنانے کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔ ریاست کے تمام سرکاری جونیئر کالجس میں تعلیمی معیار اور انفراسٹرکچر کا جائزہ لینے کیلئے سکریٹری محکمہ تعلیم ڈاکٹر یوگیتا رانا اور سکریٹری و ڈائرکٹر انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کرشنا ادتیہ نے ضلع انٹرمیڈیٹ آفیسرس اور گورنمنٹ جونیئر کالجس کے پرنسپلس کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ ڈاکٹر یوگیتا رانا نے کہا کہ طلبہ کے تابناک مستقبل کے لئے معیاری تعلیم مضبوط بنیاد کی حیثیت رکھتی ہے۔ انہوں نے ڈسٹرکٹ انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن آفیسرس اور کالجس کے پرنسپلس کو ہدایت دی کہ وہ ہر طالب علم پر خصوصی توجہ دیں اور کالجس کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے متحدہ طور پر کام کریں۔ جاریہ تعلیمی سال گورنمنٹ جونیئر کالجس میں انٹرمیڈیٹ فرسٹ ایئر کے تحت 75 ہزار طلبہ نے داخلہ لیا۔ عہدیداروں نے بتایا کہ جونیئر کالجس میں تمام داخلوں کی تفصیلات کو بہتر طور پر ریکارڈ کیا جارہا ہے اور طلبہ کے تعلیمی مظاہرہ پر بھی نظر رکھی جائے گی۔ عہدیداروں نے داخلوں میں مزید اضافہ اور ہر طالب علم کے انٹرمیڈیٹ امتحانات میں شرکت کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔ سکریٹری و ڈائرکٹر انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کرشنا ادتیہ آئی اے ایس نے ضلع عہدیداروں ، پرنسپلس اور کالجس کی تعلیمی کمیٹیوں کے درمیان موثر تال میل کا مشورہ دیا تاکہ تعلیمی پروگراموں پر موثر عمل کیا جاسکے۔ ہر جونیئر کالج میں پیرینٹ ٹیچر میٹنگ کے انعقاد کی ہدایت دی گئی تاکہ عوامی شمولیت میں اضافہ ہو۔ مسابقتی امتحانات جیسے JEE ، NEET، CLAT اور APCET کی مفت آن لائین کوچنگ کا اہتمام کیا جائے گا۔ دیہی علاقوں اور غریب خاندانوں سے تعلق رکھنے والے طلبہ کیلئے آر ٹی سی کے اشتراک سے ٹرانسپورٹ سہولت فراہم کی جائے گی۔ محکمہ سماجی بھلائی کی جانب سے رہائش کے انتظامات کئے جائیں گے۔ پرنسپلس کو مشورہ دیا گیا کہ طلبہ کو لیڈرشپ ڈیولپمنٹ ، اسپورٹس اور کلچرل سرگرمیوں میں حصہ لینے کی ترغیب دیں۔ طلبہ کی اسکالرشپ کی درخواستیں محکمہ سماجی بھلائی کو بروقت داخل کرنے کی ہدایت دی گئی۔ رضاکارانہ تنظیموں کے اشتراک سے لائیف اسکل اور شعور بیداری پروگرامس منعقد کئے جائیں گے۔ اجلاس میں بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اور محکمہ تعلیم کے عہدیداروں نے شرکت کی۔ 1