گورنمنٹ میٹرنٹی ہاسپٹل کوٹھی میں بہتر سہولتوں پر ہائی کورٹ کی توجہ جائزہ لینے خاتون ایڈوکیٹ مقرر

   

حیدرآباد/21 نومبر، ( سیاست نیوز) ہائی کورٹ نے میٹرنٹی ہاسپٹل کوٹھی میں بہتر انفرااسٹرکچر کا جائزہ لینے ایڈوکیٹ کے کرن مائی کو دورہ کے بعد رپورٹ پیش کرنے کی ذمہ داری دی ۔ وکیل کو ذمہ داری دی گئی کہ وہ ہاسپٹل میں بستروں کی دستیابی، میڈیکل اینڈ بلڈنگ انفرااسٹرکچر اور حاملہ خواتین کو داخلہ سے انکار سے متعلق اُمور کا جائزہ لیں ۔ کئی شکایات ملیں کہ حاملہ خواتین کو بستروں کی عدم دستیابی کے نتیجہ میں ہاسپٹل کے باہر قیام پر مجبور ہونا پڑرہا ہے۔ چیف جسٹس ستیش چندر شرما اور جسٹس راج شیکھر ریڈی پر مشتمل ڈیویژن بنچ نے 2016 میں قبول کردہ عدالت کی جانب سے از خود مفاد عامہ کی درخواست کی اخبارات میں رپورٹس کی بنیاد پر یہ درخواست پیش کی گئی تھی جس میں کہا گیا کہ حاملہ خواتین کو کئی ایک دشواریوں کا سامنا ہے۔ حکام خواتین کو درختوں کے نیچے قیام پر مجبور کررہے ہیں اور بستروں کی کمی کا بہانہ بنایا جارہا ہے۔ انفرااسٹرکچر اور میڈیکل اسٹاف کی کمی کی شکایت کی گئی۔ ہائی کورٹ نے 2016 میں دو خاتون وکلاء کو دورہ کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ذمہ داری دی تھی۔ رپورٹ میں دواخانہ کی ابتر صورتحال کا ذکر کیا گیا جس پر ہائی کورٹ نے حکومت کو سہولتوں کی فراہمی کی ہدایت دی تھی ۔ حال میں حکومت نے حلفنامہ داخل کیا اور سہولتوں کی اطلاع دی۔ حکومت سے تفصیلات بیان کرنے کے باوجود چیف جسٹس نے تازہ صورتحال جاننے ایڈوکیٹ کرن مائی کو دورہ کی ذمہ داری دی ہے۔ر