گورنمنٹ میڈیکل کالج محبوب نگر کی مسلمہ حیثیت بحال

   

طلبہ کو راحت،سابق کے مسائل دہرائے نہیں جائیں گے، ڈائرکٹر ڈاکٹر رمیش کی سیاست نیوز سے بات چیت

محبوب نگر۔/15 جولائی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) گورنمنٹ میڈیکل کالج محبوب نگر کی مسلمہ حیثیت کو بحال کردیا گیا ۔ نیشنل میڈیکل کمیشن نے اس تعلق سے احکامات جاری کردیئے۔ کالج میں زیر تعلیم طلباء اور ان کے والدین مستقبل کے تعلق سے کافی فکر مند تھے، اب انہیں راحت مل گئی۔ این ایم سی نے احکامات میں واضح کردیا کہ 2018 کے بیاچ کو اجازت کے ساتھ ساتھ جاریہ سا ل ایم بی بی ایس میں داخلوں کیلئے راہ ہموار کردی گئی ہے۔ حیدرآباد کے گاندھی کالج کے بعد محبوب نگر میڈیکل کالج کارکردگی کیلئے شہرت رکھتا ہے۔ حال ہی میں مسلمہ حیثیت کی منسوخی سے نیٹ میں رینک حاصل کرنے والے طلباء بھی مایوس تھے۔ اب ان کو بھی داخلے کا موقع ہے۔ ڈاکٹر رمیش ڈائرکٹر میڈیکل کالج نے سیاست نیوز کو بتایا کہ کالج کی مسلمہ حیثیت کی بحالی ہم سب کیلئے خوش آئند ہے۔ گذشتہ سال جو مسائل پیدا ہوئے تھے جن کی وجہ سے مسلمہ حیثیت ختم ہوچکی تھی آگے ان کو کبھی دہرایا نہیں جائے گا۔ ٹیچنگ اسٹاف میں اضافہ کیلئے حکومت سے نمائندگی کی گئی ہے کالج کی موجودہ نشستیں 175 ہیں آئندہ سال ایم بی بی ایس کی 200 نشستوں کے حصول کے نشانہ کو لے کر اقدامات کئے جائیں گے۔ این ایم سی کو کالج کے بارے میں مکمل تفصیلات فراہم نہ کرنا، ٹیچنگ اسٹاف کی کمی، حاضری کا مناسب اندراج نہ ہونامسلمہ حیثیت کو ختم کرنے کی وجوہات رہیں۔ محبوب نگر میڈیکل کالج کے 2018 کے ہاؤز سرجن بیاچ کی اجازت بھی منسوخ ہوگئی تھی جس سے طلباء پریشان اور فکر مند تھے۔ مسلمہ حیثیت کی بحالی سے طلباء اور سرپرستوں نے سکون کی سانس لی ہے۔