گورنمنٹ ہاسپٹل نظام آباد کی کارکردگی کا جائزہ

   

ترقیاتی و تعمیراتی کاموں کے التواء پر برہمی، مشیر حکومت سدرشن ریڈی اور کلکٹر کا دورہ
نظام آباد۔ یکم؍مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)۔ گورنمنٹ جنرل ہاسپٹل نظام آباد کا آج ریاستی مشیر پی سدرشن ریڈی، کلکٹر ایلا ترپاٹھی اور پولیس کمشنر سائی چیتنیا نے دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے خاتون و طفل صحت مرکز اور کریٹیکل کیئر یونٹ پر مشتمل عمارت کا معائنہ بھی کیا۔ طویل عرصہ سے بعض تعمیراتی و ترقیاتی کاموں کے التواء پر ریاستی مشیر نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ عہدیداروں کو کنٹراکٹرس کے خلاف کارروائی کی ہدایت دی اور جنرل ہاسپٹل میں جاری زچگی خدمات کو فوری طور پر خاتون و طفل صحت مرکز منتقل کرنے کے احکامات دیا۔بعد ازاں ریاستی مشیر اور کلکٹر نے ہاسپٹل کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا۔ مختلف شعبہ جات میں مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولتوں، دستیاب ڈاکٹروں، عملہ کی جائیدادوں، نئی سہولتوں اور درکار بنیادی ڈھانچے کے بارے میں محکمہ جاتی سربراہان سے معلومات حاصل کی انہوں نے ہدایت دی کہ طبی خدمات کو مزید بہتر بنایا جائے اور ضروری سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ روزانہ تقریباً دو ہزار آؤٹ پیشنٹ علاج کے لیے جنرل ہاسپٹل سے رجوع ہوتے ہیں۔ اس لیے تمام شعبوں کی کارکردگی میں بہتری ناگزیر ہے۔ ہاسپٹل میں 180 ڈاکٹروں کے علاوہ مناسب طبی عملہ اور جدید طبی آلات دستیاب ہیں اور عوام سے اپیل کی کہ وہ سرکاری طبی سہولتوں سے استفادہ کریں۔ریاستی مشیر نے کہا کہ بڑے اور چھوٹے آپریشنس کے علاوہ شوگر، بلڈ پریشر، ڈینگو، ملیریا اور تھائرائیڈ جیسے امراض کی تشخیصی مفت انجام دی جا رہی ہیں جب کہ خانگی ہاسپٹلس میں ان کے لیے بھاری فیس وصول کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ہاسپٹلوں میں ماہر ڈاکٹروں کے ساتھ زیر تربیت طلبہ بھی خدمات انجام دے رہے ہیں اور یہاں گھٹنے کی تبدیلی جیسے پیچیدہ آپریشنس بھی انجام دیے جا رہے ہیں، جب کہ ڈینٹل شعبہ کے تحت مہنگی سرجریز مقامی سطح پر کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت تعلیمی و طبی شعبوں کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے پرعزم ہے اور جدید طبی آلات و دیگر بنیادی سہولتوں کے لیے فنڈس جاری کیے جا رہے ہیں۔ بعض عملہ کی عدم دلچسپی کی شکایات پر سخت کارروائی کی ہدایت دیتے ہوئے بایومیٹرک حاضری درج کر کے غیر حاضر ہونے والے ملازمین پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت دی۔ جائزہ اجلاس میں ضلع میڈیکل و ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر راج شری، سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر سرینواس، ڈاکٹر راملو اور دیگر متعلقہ عہدیدار بھی موجود تھے۔