ہائی کورٹ سے کلین چٹ کے باوجود ملازمت سے برطرفی، حیدرآباد میں کتاب کی رسم اجرائی
حیدرآباد۔27۔ جنوری (سیاست نیوز) ڈاکٹر کفیل خاں نے کہا کہ اگر وہ گورکھپور اسمبلی حلقہ سے مقابلہ کرتے ہیں تو چیف منسٹر یوگی ادتیہ ناتھ کے خلاف وہ ضرور کامیاب ہوں گے۔ گورکھپور بی جے پی اور چیف منسٹر یوگی ادتیہ ناتھ کا گڑھ مانا جاتا ہے لیکن اگر میں مقابلہ کروں تو عوام مجھے کامیاب کریں گے ۔ ڈاکٹر کفیل خاں آج حیدرآباد میں ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے جس میں ان کی تصنیف ’’گورکھپور ہاسپٹل سانحہ‘‘ کی رسم اجراء انجام دی گئی۔ اگست 2017 ء میں بی آر ڈی میڈیکل کالج میں آکسیجن کی قلت سے 63 بچوں کی موت واقع ہوئی تھی اور اس معاملہ میں ڈاکٹر کفیل خاں کو ملزم بنایا گیا ۔ اس واقعہ کے تجربات اور مشاہدات پر مبنی کتاب کی حیدرآباد میں رسم اجراء انجام دی گئی ۔ ڈاکٹر کفیل خاں نے کہا کہ کووڈ ۔19 نے ہندوستان میں میڈیکل ہیلت کیر سسٹم کی ابتر صورتحال کو بے نقاب کردیا ہے ۔ میں نے اپنی کتاب کا آغاز الہ آباد ہائی کورٹ کے فیصلہ سے کیا جس میں کہا گیا کہ آکسیجن کی قلت نسل کشی کے مترادف ہے ۔ انہوں نے کہا کہ واقعہ کے سلسلہ میں معطلی اور علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں تقریر کے لئے گرفتاری کے بعد انہیں خدمات سے برطرف کردیا گیا ۔ یہ تمام واقعات اور مراحل ایک سازش کا حصہ تھے اور انہیں نشانہ بناتے ہوئے سماج میں بدنام کرنے کی کوشش کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ہاسپٹل واقعہ کے ذریعہ یوگی ادتیہ ناتھ کو بھی اقتدار سے بے دخل کرنے کی سازش کی گئی۔ جس وقت ہر کوئی 63 بچوں کی موت کے بارے میں سوال کر رہا تھا تو بی جے پی کے وزیر سدھارتھ ناتھ سنگھ نے غیر ذمہ دارانہ بیان دیا تھا۔ کفیل خاں نے دعویٰ کیا کہ سارا واقعہ یوگی کو ہٹانے کی سازش کا حصہ تھا اور انہیں کسی قربانی کے بکرے کی ضرورت تھی ۔ جب یوگی نے مجھے فون کیا تو میں سمجھا کہ وہ میری تعریف کریں گے لیکن وہ کافی برہم تھے۔ یوگی نے مجھ سے ’’تو‘‘ کہہ کر بات چیت کی۔ ابتداء میں بی جے پی حکومت نے آکسیجن سلینڈرس کے سرقہ کے الزام میں کارروائی کی۔ انہوں نے کہا کہ قید کی سزا نے ان کے خاندان کو ذہنی اور معاشی طور پر توڑ کر رکھ دیا۔ میری ماں کو سڑک پر لایا گیا۔ میری ماں اور بیوی کے زیورات عدالتی مقدمات کیلئے فروخت کرنے پڑے۔ ہائی کورٹ سے کلین چٹ ملنے کے باوجود مجھے ملازمت سے برطرف کیا گیا۔ حکومت کی برطرفی کی نوٹس میں کہا گیا کہ میں نے بچوں کو بچانے کی کوشش کی اور میں کرپشن میں ملوث نہیں ہوں لیکن 2014 ء میں خانگی پریکٹس کرنے کے الزام میں ملازمت سے برطرف کردیا گیا ۔ کفیل خاں نے کہا کہ یوگی ادتیہ ناتھ اترپردیش میں دوبارہ برسر اقتدار نہیں آئیں گے۔ تقریب سے جناب ظہیرالدین علی خاں مینجنگ ایڈیٹر سیاست ، پروفیسر پی ایل وشویشور راؤ اور ڈاکٹر ستار خاں نے مخاطب کیا۔ ر