ممبئی: خوفناک فلم 1920: ہاررز آف دی ہارٹ کی کامیابی کے بعد، مشہور فلم ساز مہیش بھٹ، آنند پنڈت اور وکرم بھٹ ایک بار پھر ہارر فلم کے شائقین کے لیے ایک نئی سنسنی خیز پیشکش کے ساتھ واپس آ رہے ہیں۔ ان کی نئی فلم کا نام ہے: ہانٹڈ تھریڈی: گوسٹس آف دی پاسٹ۔ یہ متوقع فلم 26 ستمبر 2025 کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔ معروف تجزیہ نگار ترن آدرش نے فلم کا پہلا پوسٹر سوشل میڈیا پر شائع کیا۔ مہیش بھٹ اور آنند پنڈت کی پیشکش کردہ، اور وکرم بھٹ کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم میں، ماہااکشے چکرورتی (میموہ) اور چتنا پانڈے مرکزی کرداروں میں نظر آئیں گے۔ فلم کو آنند پنڈت، راکیش جنیجا اور شویتامبری بھٹ پروڈیوس کررہے ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ فلم کی باضابطہ اعلان سے قبل ہی، ماہااکشے چکرورتی نے ایک انٹرویو میں اس سیکوئل کے بارے میں اشارہ دے دیا تھا۔ انہوں نے تصدیق کی کہ ہانٹڈ تھری ڈی ایک بار پھر واپس آرہی ہے اور وکرم بھٹ ہی اس کی ہدایت کاری کریں گے۔ فلم کا ٹیزر بھی تیار ہو چکا ہے اور جلد جاری کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ ہانٹڈ تھری ڈی پہلی بار2011 میں ریلیز ہوئی تھی اور یہ ہندوستان کی پہلی اسٹریوسکوپک تھری ڈی ہارر فلم تھی۔ اس فلم میں میموہ چکرورتی، تیا بجپائی، اچنت کور اور عارف زکریا نے اداکاری کی تھی۔ فلم کی کہانی ایک نوجوان کے گرد گھومتی ہے جو ایک پرانی حویلی میں قید ایک روح سے جڑجاتا ہے، جو اپنے ماضی کے ایک دل دہلا دینے والے واقعے کی وجہ سے بے سکونی کا شکار ہے۔ اسی کیمپ کی ایک اور فلم 1920: ہاررز آف دی ہارٹ 2023 میں ریلیز ہوئی تھی، جس کی ہدایت کاری کرشنا بھٹ نے کی تھی، پروڈیوسر وکرم بھٹ اورکہانی نگار مہیش بھٹ تھے۔ فلم میں اویکا گور اور راہول دیو نے مرکزی کردار ادا کیے تھے، جب کہ برکھا بشٹ، رندھیر رائے، دانش پاندور، کیتکی کلکرنی، اوتار گل اور امیت بہل معاون کرداروں میں نظر آئے تھے۔