ایم آنند کمار گوڑ کے ہمراہ مقامی افراد کا ریاستی وزیر ٹی سرینواس یادو سے اظہار تشکر
حیدرآباد 30 جولائی (راست) گوشہ محل بی آر ایس لیڈر ایم آنند کمار گوڑ نے کہاکہ انھوں نے آج ریاستی وزیر ٹی سرینواس یادو سے ملاقات کرکے ان سے اظہار تشکر کیا۔ دو ماہ قبل حلقہ اسمبلی گوشہ محل، جامباغ ڈیویژن، درگاہ یوسفینؒ کی عقبی گلی، عالیہ مسجد کے عقب میں جب بارش ہوئی تو ڈرینج کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا تھا۔ اس بات کو ان کے علم میں لایا گیا تو انھوں نے مقامی افراد کے ساتھ ریاستی وزیر سرینواس یادو سے ملاقات کرکے انہیں ایک لیٹر دیا تھا اور صورتحال سے واقف کروایا چنانچہ ان کی مدد سے 18.5 لاکھ روپئے منظور کئے گئے۔ اس سے متعلق ٹنڈر کا عمل سی جی ایم آفس، ایس آر نگر میں جاری ہے۔ آنند کمار گوڑ نے کہاکہ وہ انتخابات میں شکست کے باوجود عوام کے مسائل کے حل اور ان کی ترقی کے لئے مسلسل کام کررہے ہیں۔ آج ان کے ہمراہ ریاستی وزیر سے ملاقات کرنے والوں میں محمد احمد، محمد سلیم، سید عزیز، محمد غوث، شیخ جہانگیر، یوسف پٹیل، خواجہ بھائی، شیخ ساجد اور دوسرے شامل تھے۔