گولان کی پہاڑیوں پر امن فوج کے قیام میں 6 ماہ کی توسیع

   

یروشلم : اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل نے گولان کی پہاڑیوں پر امن فوج کے قیام میں 6 ماہ کی توسیع کر دی۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق روس اور امریکہ کی طرف سے مشترکہ طور پر پیش کی گئی قرارداد کو کونسل کے تمام 15 ارکان نے متفقہ طور پر منظور کر لیا ہے۔ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل نے اسرائیل اور شام پر 1974ء کے معاہدہ کی مکمل تعمیل کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ خیال رہے کہ 1974ء میں اسرائیل اور شام کے درمیان فورسز کی دستبرداری کے معاہدہ بعد سے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل نے گولان کی پہاڑیوں پر ڈِس انگیجمنٹ آبزرور فورس (یو این ڈی او ایف) تعینات کی تھی جس کا مقصد گولان کی پہاڑیوں میں اسرائیلی اور شامی افواج کے درمیان جنگ بندی کو برقرار رکھنا اور علاقے کی نگرانی کرنا تھا۔