نئی دہلی: دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر وی کے ۔ سکسینہ اور وزیر ٹرانسپورٹ کیلاش گہلوت نے چہارشنبہکو تغلق آباد۔ایروسٹی کوریڈور کی گولڈن لائن پر چھتر پور اور چھتر پور مندر اسٹیشنوں کے درمیان تعمیر کی گئی سرنگ کا افتتاح کیا۔اس موقع پر سکسینہ نے دہلی میٹرو ریل کارپوریشن (ڈی ایم آر سی) کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ”میں اس کامیابی کے لیے ڈی ایم آر سی اور اس کی پوری ٹیم کو مبارکباد دینا چاہوں گا۔ آج ڈی ایم آر سی نے چھتر پور اور چھتر پور مندر کے درمیان 865 میٹر طویل راستے کا کام مکمل کر لیا ہے ۔ انہوں نے یہ چینل تقریباً پانچ ماہ میں بنایا ہے جو اپنے آپ میں ایک ریکارڈ ہے ۔لفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ ایسی تقریبات لوگوں کو دکھائی جانی چاہئیں کیونکہ اس سے پتہ چلتا ہے کہ کچھ بنانے میں کتنی محنت کی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر میں یہ کہوں کہ اس وقت دہلی میٹرو دہلی کی لائف لائن بن چکی ہے تو یہ غلط نہیں ہوگا۔ ہم دہلی کے اندر ڈی ایم آر سی کے نیٹ ورک کو زیادہ سے زیادہ پھیلانے کی کوشش کریں گے ۔”چوتھے مرحلے میں تغلق آباد-ایروسٹی کوریڈور پر گولڈن لائن پر دہلی میٹرو کی تعمیر کا کام زور و شور سے جاری ہے ۔ اس راہداری میں چھتر پور اور چھتر پور مندر اسٹیشنوں کے درمیان سرنگ کی تعمیر کے لیے 97 میٹر لمبی ٹنل بورنگ مشین ( ٹی ایم بی ) کا استعمال کیا گیا تھا۔