سرسآجند : سرسا کے ضلع اینڈ سیشن کورٹ نے ایک کاروباری سے 50 لاکھ روپے کی جبری وصولی اور گھر پر فائرنگ کرنے کے معاملہ میں گینگسٹر گولڈی براڑ اور لارنس بشنوئی کے 6 ساتھیوں کو قصوروار ٹھہرایا ہے۔ ان سبھی کو عدالت نے 5 سال قید اور جرمانہ کی سزا سنائی ہے۔ پولیس نے ان سبھی کے پاس سے تین غیر قانونی پستول اور 26 کارتوس برآمد کیے تھے۔ موصولہ اطلاع کے مطابق 5 فروری 2022 کو بی بلاک باشندہ کاروباری ستیش اروڑا کے گھر پر اسکوٹر سوار 3 نوجوانوں نے فائرنگ کر دی تھی۔ واقعہ سی سی ٹی وی میں قید ہو گیا۔ گھر کی دیوار پر گولی کا نشان اور گرا ہوا کھوکھا بھی برآمد ہوا۔ اس کے بعد پولیس کو خبر دی گئی۔ پولیس نے نامعلوم اشخاص کے خلاف مقدمہ درج کر لیا تھا۔ 7 فروری کو کاروباری نے پولیس کو بتایا کہ 6 فروری کو ان کے موبائل پر ایک کال آئی تھی۔ فون کرنے والے نے کہا کہ وہ گینگسٹر گولڈی براڑ اور لارنس بشنوئی گینگ کا شوٹر ہے۔ 50 لاکھ روپے کا انتظام کرو، نہیں تو تمھیں اور تمھارے بچوں کو مار ڈالیں گے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس نے بعد میں سنجے عرف سنجو، ابھے، وکرم جیت عرف وکی، وکرم، راجیش عرف روی اور ہیرا سنگھ کو گرفتار کر لیا۔ پوچھ تاچھ میں پتہ چلا کہ ملزم سگنل ایپ کے ذریعہ گینگسٹر گولڈی براڑ اور لارنس بشنوئی کے رابطہ میں تھے۔ عدالت نے وکرم، وکرم جیت اور ہیرا پر 45 ہزار روپے کا جرمانہ بھی عائد کیا۔