نئی دہلی ۔ ہندوستان کی اسٹار جمناسٹ دیپا کرماکر نے سبکدوشی کا اعلان کردیا ہے ۔ یہ معلومات انہوں نے سوشل میڈیا کے ذریعے اپنے مداحوں سے شیئرکیں۔ اس سال ہی دیپا کرماکر ایشین چمپئن شپ جیتنے والی پہلی ہندوستانی جمناسٹ بنی۔ دیپا جو ریو اولمپکس میں چوتھے نمبر پر رہی تھیں، انہوں نے 2014 کے کامن ویلتھ گیمز میں جمناسٹک میں برونز میڈل جیتا تھا۔ وہ کامن ویلتھ گیمز میں یہ کارنامہ انجام دینے والی پہلی ہندوستانی بھی بنی۔ 31 سالہ دیپا کرماکر نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ شیئر کرکے سبکدوشی کا اعلان کیا۔ انہوں نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں لکھا، بہت سوچ بچار کے بعد میں نے فیصلہ کیا ہے کہ میں جمناسٹک سے سبکدوش ہو رہی ہوں۔ یہ فیصلہ میرے لیے آسان نہیں تھا لیکن یہ صحیح وقت ہے۔ جمناسٹکس میری زندگی کا ایک بہت بڑا حصہ ہے اور میں ہر لمحہ شکر گزار ہوں۔ دیپا کرماکر نے مزید لکھا مجھے وہ پانچ سالہ دیپا یاد ہے، جسے بتایا گیا تھا کہ وہ اپنے چپٹے پاؤں کی وجہ سے کبھی جمناسٹ نہیں بن سکتیں۔ آج میں اپنی کامیابیوں کو دیکھ کر بہت فخر محسوس کررہی ہوں۔ عالمی سطح پر ہندوستان کی نمائندگی کرنا اورمیڈل جیتنا اور سب سے اہم بات ریو اولمپکس میں میڈل کا مظاہرہ کرنا، میرے کیریئر کا سب سے یادگار لمحہ رہا ہے۔ آج میں دیپا کو دیکھ کر بہت خوش ہوں کیونکہ اس میں خواب دیکھنے کی ہمت تھی۔ میری آخری جیت، ایشین جمناسٹک چمپئن شپ تاشقند، ایک اہم موڑ تھی، کیونکہ تب تک میں نے محسوس کیا کہ میں اپنے جسم کو مزید متحرک رکھ سکتی ہوں، لیکن کبھی کبھی ہمارا جسم ہمیں کہتا ہے کہ آرام کرنے کا وقت ہے، لیکن دل پھر بھی راضی نہیں ہوتا۔ اگرچہ میں سبکدوش ہو رہی ہوں لیکن جمناسٹک سے میرا تعلق کبھی نہیں ٹوٹے گا۔ تریپورہ کی دیپا کرماکر ہندوستان کی سرفہرست جمناسٹوں میں سے ایک ہیں۔ اولمپکس کے ساتھ ساتھ انہوں نے کئی دوسرے بڑے ایونٹس میں بھی ملک کا نام روشن کیا۔