خانگی اسکول فیس کے لیے رہنمایانہ خطوط مرتب کرنے پر زور ، اسمبلی میں مجلسی رکن اسمبلی کا خطاب
حیدرآباد۔15مارچ(سیاست نیوز) خانگی اسکولوں کی فیس میں ہونے والے بے تحاشہ اضافہ پر روک لگانے کے لئے حکومت کی جانب سے اقدامات کئے جانے چاہئے اور اسی طرح خانگی دواخانو ںمیں من مانی وصولیوں پر بھی رہنمایانہ خطوط کی اجرائی عمل میں لانے کے اقدامات کو یقینی بنایاجائے۔ جناب جعفر حسین معراج رکن اسمبلی حلقہ نامپلی نے اسمبلی میں بجٹ پر جاری مطالبات زر مباحث میں حصہ لیتے ہوئے یہ بات کہی۔ انہو ںنے بتایا کہ ریاست تلنگانہ بالخصوص شہر حیدرآباد میں سرکاری دواخانوں اور اسکولوں کی حالت کو بہتربنایاجانا ناگزیر ہے اور حکومت کی جانب سے مکمل نظر انداز کی پالیسی کے سے سرکاری اسکولوں میں صفائی کے انتظامات تک بہتر نہیں ہیں اسی طرح دواخانوں میں آلات اور عملہ کی کمی کے سبب لوگ خانگی دواخانوں کا رخ کرنے پر مجبور ہونے لگے ہیں۔جناب جعفر حسین معراج نے گولکنڈہ ‘ فلک نما اور چنچل گوڑہ میں ڈگری کالج کی منظوری کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ اب تک ان کالجس کو لکچررس کی فراہمی عمل میں نہیں لائی گئی ہے۔ انہوں نے ہر حلقہ اسمبلی میں ایک جونیئر کالج برائے طالبات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ حلقہ جات اسمبلی کے حدود وسیع ہیں لڑکیوں کی سہولت کے لئے جونیئر کالجس کا قیام عمل میں لایا جانا چاہئے ۔ انہوں نے عثمانیہ دواخانہ ‘ شفاء خانہ یونانی ‘ نیلوفر ہاسپٹل‘ پیٹلہ برج زچگی خانہ ‘مہدی نواز جنگ کینسر ہاسپٹل کے علاوہ دیگر سرکاری دواخانوں کو ترقی دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ان دواخانوں میں کئی اور سہولتیں فراہم کی جاسکتی ہیں ۔ رکن اسمبلی نامپلی نے بتایا کہ شہر کی کئی اہم سڑکوں پر توسیع اور مرمت کے کام باقی ہیں انہیں ماہ رمضان المبارک کی آمد سے قبل مکمل کرلیا جانا چاہئے ۔ انہوں نے ماہ رمضان المبارک کی آمد سے قبل پانی کی سربراہی کو بہتر بنانے کے علاوہ رمضان المبارک کے انتظامات کو مکمل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ جعفر حسین معراج نے مطالبات زر پر جاری مباحث کے دوران بتایا کہ نیلوفر ہاسپٹل میں عملہ کی قلت ہے جس کے سبب خدمات کو بہتر بنایا جانا دشوار ہوتا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جملہ 535 کے عملہ کی منظوری اس دواخانہ میں ہے لیکن صرف 73کا عملہ خدمات انجام دے رہا ہے اور 462 ملازمین کی کمی ہے ۔ انہو ںنے استفسار کیا کہ اس صورتحال میں کس طرح سے دواخانہ میں خدمات کو بہتر بنایا جاسکے گا۔ انہوں نے کورونا وائرس کے پیش نظر صفائی کے انتظامات کو بہتر بنانے کا مشورہ دیا۔