گولکنڈہ قلعہ میں جشن آزادی ‘ وسیع تر انتظامات کا ریہرسل

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد 13 اگسٹ (سیاست نیوز) تاریخی قلعہ گولکنڈہ میں منعقد ہونے والی جشن آزادی تقاریب کے موقع پر حیدرآباد پولیس کی جانب سے سکیورٹی کے وسیع تر انتظامات کئے گئے ہیں اور آج قطعی ریہرسل بھی کرلی گئی۔ کمشنر پولیس حیدرآباد انجنی کمار نے قلعہ گولکنڈہ کے احاطہ میں ٹفن باکس، کیمرے اور ہینڈ بیاگس لانے پر امتناع عائد کیا ہے اور اِس ضمن میں عوام سے تعاون کی اپیل کی ہے۔ 15 اگسٹ کو صبح 10 بجے چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ پرچم کشائی انجام دیں گے۔ اِس موقع پر ٹریفک پولیس کی جانب سے تحدیدات پر عائد کئے گئے ہیں۔ ٹریفک پولیس کے بموجب رام دیو گوڑہ تا قلعہ گولکنڈہ صبح 7 تا دوپہر 12 بجے عام ٹریفک کی آمد و رفت مکمل بند رہے گی۔ رام دیو گوڑہ تا قلعہ گولکنڈہ گاڑیوں پر موجود اے، بی، سی کار پاس رکھنے والوں کو داخل ہونے کی اجازت رہے گی۔ مذکورہ پاسیس رکھنے والے افراد سے خواہش کی گئی کہ وہ ریتی باؤلی، نانل نگر جنکشن، بالیکا بھون، لنگرحوض فلائی اوور، ٹیپو خاں برج، رام دیو گوڑہ جنکشن، دائیں سمت، مکائی دروازہ، سے قلعہ پہونچیں۔ اِسی طرح پرچم کشائی تقاریب کے دوران صبح 10.30 بجے تا 12 بجے دوپہر سات گنبد سے قلعہ آنے والی ٹریفک کا رُخ گولف کلب، جمالی دروازہ، بنجاری دروازہ کی سمت کردیا جائیگا۔ لنگرحوض فلائی اوور سے قلعہ والی ٹریفک کا رُخ بڑا بازار جنکشن، جی ایچ ایم سی آئی لینڈ کی سمت کردیا جائے گا۔