گولکنڈہ میں بیوی کے قاتل مفرور شوہر کی تلاش کرنے پولیس مصروف

   

حیدرآباد۔/14 اگسٹ، ( سیاست نیوز) گولکنڈہ پولیس نے سنسنی خیز قتل کیس میں ملوث قاتل کی تلاش شروع کردی ہے جہاں ایک شخص نے بیوی کا گلا کاٹ کر قتل کردیااور راہ فرار اختیار کرلی۔ یاد رہے کہ موتی دروازہ علاقہ میں گزشتہ روز سمیرہ بیگم کا اس کے شوہر بشیر احمد نے مبینہ طور پر قتل کردیا تھا۔ اس سلسلہ میں مقتولہ کے بھائی سمیع الدین کی شکایت پر پولیس نے ایف آئی آر درج کرلیا ہے اور قاتل کی گرفتاری کے لئے خصوصی ٹیم کو تشکیل دیا گیا ہے۔ایف آئی آر کے مطابق بشیر احمد زائد جہیز کیلئے اس کی دونوں بیویوں کو ہراساں کررہا تھا اس نے 10 لاکھ روپئے کا مطالبہ کیا تھا تاہم سمیرہ بیگم کے مائیکے والوں نے 5 لاکھ روپئے ادا کردیئے تھے اور مزید 5 لاکھ روپئے کی خاطر اس خاتون کو شوہر کی ہراسانی کا سامنا تھا۔ سمیرہ بیگم نے اس کی والدہ کو بذریعہ فون اطلاع دی تھی کہ اس کی جان کو خطرہ ہے چونکہ بشیر احمد اسے قتل کرنا چاہتا ہے۔ تاہم پولیس گولکنڈہ ہر زاویہ سے قتل کی وجوہات کا پتہ چلانے میں مصروف ہے اور قاتل کو شدت سے تلاش کررہی ہے۔