گولکنڈہ کے ہیرے سے ہراج میں کم از کم 1,50,000 امریکی ڈالر حاصل ہوسکتے ہیں

   


3.05 کیرٹ کے ناشپاتی کی شکل کے ہیرے کا آئندہ ماہ امریکہ میں ہراج ہوگا
حیدرآباد :۔ ایک نادر و نایاب ہیرہ کو جو گولکنڈہ کے مشہور ہیروں میں سے ایک ہے اور نیویارک میں ایک اسٹیٹ میں ہے ، آئندہ ماہ امریکہ میں ایک ہراج کے ذریعہ فروخت کیا جائے گا ۔ 3.05 کیرٹ کے اس ناشپاتی شکل کے ہیرے سے ایک اندازہ کے مطابق تقریبا 1.5 کروڑ روپئے حاصل ہوں گے تاہم اس کی قیمت میں اضافہ ہوسکتا ہے ۔ نیویارک میں فارچنا آکشن ہاوز نے جہاں مارچ میں اس نادر ہیرہ کو ہراج کیا جانے والا ہے ، اسے گولکنڈہ کے ہیروں میں ایک قرار دیا ہے ۔ جو ان کے غیر معمولی کلر اور صفائی کے لیے جانے جاتے ہیں ۔ فارچنا نے اس کے آکشن کیٹلاگ میں کہا کہ ’ اس ہراج میں ٹائپ IIaD ، 3.05 کیرٹ ڈائمنڈ رنگ کو 1,50,000 تا 2,00,000 امریکی ڈالر میں فروخت کیا جائے گا ‘ ۔ گولکنڈہ کے ہیرے ، جو ٹائپ IIa ہیرے ہوتے ہیں ، خصوصی کشش رکھتے ہیں کیوں کہ ان میں نائٹروجن ایٹمس کی موجودگی نہیں ہوتی ہے ۔ یعنی امپیورٹیز جس سے زیادہ تر ہیروں کی رنگت زرد ہوجاتی ہے ۔ اس نے کہا کہ ’ اس طرح کے ہیرے بہت خاص اور نادر و نایاب ہوتے ہیں اور بمشکل ہی کبھی مارکٹ میں لائے جاتے ہیں ۔ دراصل ، فارچنا نے صرف تین ہی Type IIa ہیروں کو فروخت کیا ہے ‘ ۔ 17 ویں صدی کے ایک فرنچ جیم مرچنٹ ، جین ۔ بپٹاٹسٹ تویرنیر نے اس کی سرگزشت میں کہا تھا کہ سلطنت گولکنڈہ میں تقریبا 23 مائینس تھے اور یہاں ہیروں کا کاروبار ہوتا تھا اور پرتگالی اور انگریز اکثر یہاں سے ہیرے جواہرات خرید کر انہیں انگلینڈ ، ہالینڈ ، جکارتہ وغیرہ کو برآمد کرتے تھے ۔۔