گولی پورہ میں اسکول میں آتشزدگی، طلبہ محفوظ

   

حیدرآباد۔ پرانے شہر کے علاقہ گولی پورہ میں واقع ایک اسکول میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا۔ وہاں موجود طلبہ کو محفوظ طور پر نکال لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق سرینواسا ہائی اسکول واقع گولی پورہ کے گراؤنڈ فلور میں آج صبح اسکول کے آفس میں اچانک آگ لگ گئی اور کچھ ہی دیر میں آگ نے آفس اور اس کے اطراف کے علاقہ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ اس واقعہ کے بعد اسکول میں سنسنی پھیل گئی جس کے نتیجہ میں فائر انجن عملے کو طلب کرلیا گیا۔ کچھ ہی دیر میں اسکول انتظامیہ اور فائر انجن عملے کی مدد سے وہاں موجود نویں اور دسویں جماعت کے تقریباً 30 طلبہ کا وہاں سے محفوظ طور پر تخلیہ کرادیا گیا۔ تقریباً ایک گھنٹہ کی کوششوں کے بعد اسکول میں لگی آگ پر قابو پالیا گیا جبکہ اسکول کا فرنیچر مکمل طور پر خاکستر ہوگیا۔ بتایا جاتا ہے کہ شارٹ سرکٹ کے نتیجہ میں آتشزدگی کا یہ واقعہ پیش آیا ہے اور اس معاملہ کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔ واضح رہے کہ یکم فروری سے اسکولوں کی کشادگی کے بعد نویں اور دسویں جماعت کے طلبہ کی کلاسیس کا آغاز ہوچکا ہے اور اس اسکول میں بھی مذکورہ جماعتوں کے طلبہ موجود تھے۔