اقوام متحدہ ۔ 20 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) اقوام متحدہ کے جنرل سکریٹری انٹونیو گوٹیرس اعلیٰ سطحی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے کشمیر کے مسئلہ پر تبادلہ خیال کریں گے۔ جنرل اسمبلی اجلاس آئندہ ہفتہ منعقد شدنی ہے۔ سکریٹری جنرل کے ترجمان اسٹیفانی دوجارک نے روزانہ کی نیوز بریفنگ کے دوران یہ بات بتائی اور یہ بھی کہا کہ سکریٹری جنرل مسئلہ کشمیر کی یکسوئی کیلئے ہندوپاک کے درمیان بات چیت کی ضرورت پر زور دے رہے ہیں۔ بات چیت کے ذریعہ ہی کشیدگی میں کمی آسکتی ہے اور انسانی حقوق کے معاملات سے بھی بہتر طور پر نمٹا جاسکتا ہے۔ کشمیر کی صورتحال پر صحافیوں کی جانب سے پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے دوجارک نے کہا کہ سکریٹری جنرل پہلے بھی یہ بات کہہ چکے ہیں اور اب بھی وہ جنرل اسمبلی کے اجلاس کو ایک بہترین موقع قرار دیتے ہوئے کشمیر کے موضوع کو ضرور زیربحث لائیں گے۔ چہارشنبہ کو بھی انہوں نے یہی بات کہی تھی کہ ہندوپاک کے درمیان بات چیت ہی مسئلہ کا حل ہوسکتی ہے۔ انہوں نے جنرل اسمبلی اجلاس کے انعقاد سے قبل ایک پریس کانفرنس میں یہ بات کہی تھی جبکہ انہوں نے یہ تک کہا تھا کہ ہندوپاک کے درمیان بات چیت میں ثالث کا کردار ادا کرنے کیلئے اقوام متحدہ کا دفتر بھی اپنی خدمات پیش کرنے تیار ہے۔
