نیویارک : اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوٹیرس اگلے ہفتے پاکستان کا دورہ کریں گے، سیکریٹری جنرل پاکستان میں سیلابی سے متاثر ہونے والے شہریوں کے ساتھ یکجہتی اور ہمدردی کا اظہار کریں گے۔ گوٹیرس 9 ستمبر کو پاکستان کیلئے روانہ ہوں گے اور سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ اور نقل مکانی کرنے والوں سے ملاقات کریں گے اور اس بات کا مشاہدہ بھی کریں گے کہ ہم حکومت کی امدادی سرگرمیوں میں مدد اور لاکھوں لوگوں کی مدد کے لیے اپنے شراکت داروں کے ساتھ مل کر کس طرح سے کام کررہے ہیں۔بیان میں کہا گیا کہ انتونیو گوٹیرس 11 ستمبر کو نیو یارک روانہ ہوں گے۔وزارت خارجہ کے ترجمان عاصم افتخار احمد نے سیکریٹری جنرل کے دورے کے حوالے سے پیش رفت کا خیر مقدم کیا، اُن کا کہنا تھا کہ یہ دورہ بہت اہم ہوگا، سیکریٹری جنرل کے دورے کی وجہ سے بین الاقوامی امداد کو مزید متحرک کرنے میں مدد ملے گی۔