نیویارک : اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹریس نے غزہ میں انسانی بنیادوں پر فی الفورجنگ بندی کے اپنے مطالبہ کا اعادہ کیا۔سیکرٹری جنرل گوٹریس نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں غزہ کے ایجنڈہ کے ساتھ منعقدہ اجلاس سے خطاب کیا۔اسرائیل کے حملوں کی زدمیں ہونے والی تباہی کی طرف توجہ مبذول کرواتے ہوئے گوٹیریس نے کہا کہ “کوئی بھی چیز غزہ کے عوام کی اجتماعی سزا کا جواز نہیں بن سکتی۔سیکرٹری جنرل نے کہا کہ اسرائیل کا دو ریاستی حل کو قطعی اور مستقل طور پر مسترد کرنا ناقابل قبول ہے۔غزہ کے عوام کو بے مثال تباہی کا نشانہ بنائے جانے کی وضاحت کرنے والے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے کہاکہ میں فوری طور پر انسانی بنیادوں پر جنگ بندی کے لیے اپنے مطالبے کا اعادہ کرتا ہوں۔ تا کہ مناسب امداد حملوں کا نشانہ بننے والے مقامات تک پہنچائی جا ئے، قیدیوں کی رہائی کے عمل کو سہل اور مشرق وسطیٰ میں کشیدگی میں کمی کی جائے ۔ فرانسیسی وزیر خارجہ سٹیفن سیجورن نے بھی غزہ کی صورتحال کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ آئیے غزہ میں خواتین، مردوں اور بچوں کے مصائب اور درد پر کان دھرے جائیں۔فرانسیسی وزیر نے اس بات پر بھی زور دیا کہ غزہ میں فلسطینیوں کے مستقبل کا فیصلہ کرنا اسرائیل کا کام نہیں ہے اور کہا کہ “غزہ فلسطینی سرزمین ہے”۔
