گوٹیریس کا ایران کیخلاف امریکی حملہ پر تشویش کا اظہار

   

اقوام متحدہ/نئی دہلی 22 جون (یواین آئی) اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انٹونیو گوٹیریس نے ایران پر امریکی فوجی کارروائی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام فریقوں کو سفارتی ذرائع سے امن کے لیے کام کرنا چاہیے ۔ایران کی تین جوہری تنصیبات پر امریکی فوج کے حملوں کے بعد جاری ہونے والے ایک بیان میں مسٹر گوٹیریس نے خدشہ ظاہر کیا کہ اس سے تنازعہ مزید بڑھنے کا خطرہ ہے ۔انہوں نے کہاکہ مجھے آج ایران کے خلاف امریکہ کی طرف سے طاقت کے استعمال پر گہری تشویش ہے ۔ یہ اقدام پہلے سے ہی شورش زدہ خطے میں تنازعات میں خطرناک اضافے کا باعث بنے گا اور یہ بین الاقوامی امن و سلامتی کے لیے براہ راست خطرہ ہے ۔اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ اس تنازعہ کے قابو سے باہر ہونے کا خطرہ بڑھتا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر تنازعہ بڑھتا ہے تو شہریوں، اس خطے اور پوری دنیا کے لیے تباہ کن نتائج ہو سکتے ہیں۔ میں رکن ممالک سے تناؤ کو کم کرنے اور اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کے دیگر قواعد کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کا مطالبہ کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اس خطرناک وقت میں افراتفری کے چکر سے بچنا ضروری ہے ۔ موجودہ صورتحال کا کوئی فوجی حل نہیں ہے ۔ آگے بڑھنے کا واحد راستہ سفارت کاری ہے ۔