گوپال کانڈا ایئر ہوسٹس گیتیکا شرما خودکشی کیس میں بری

   

نئی دہلی: ہریانہ کی سرسا اسمبلی سیٹ سے ایم ایل اے اور داخلہ امور کے سابق وزیر مملکت گوپال کانڈا اور ان کی کمپنی میں اس وقت کی منیجر ارونا چڈھا کو منگل کے روز یہاں کی راؤس ایونیو عدالت نے ہائی پروفائل ایئر ہوسٹس گیتیکا شرما خودکشی کیس میں بری کر دیا۔ گیتیکا شرما گوپال کانڈا کی ایم ڈی ایل آر ایئر لائن میں ایئر ہوسٹس تھی۔ بعد میں اسے کانڈا کی کمپنی کا ڈائریکٹر بھی بنا دیا گیا۔ قابل ذکر ہے کہ 5 اگست 2012 کو ایئر ہوسٹس گیتیکا شرما دہلی کے اشوک وہار میں واقع اپنے فلیٹ میں مردہ پائی گئی تھی۔ اس نے 4 اگست کو ایک خودکشی نوٹ لکھا تھا۔ سوسائڈ نوٹ میں گیتیکا نے اس کے ساتھ دھوکہ ہونے اور اس کا غلط استعمال کئے جانے کا الزام لگایا تھا۔ اس نے اپنی موت کے لیے گوپال کانڈا اور ارونا چڈھا کو ذمہ دار ٹھہرایا۔ اس خط کی بنیاد پر کانڈا اور چڈھا کے خلاف اشوک وہار پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ گیتیکا کی ماں نے بھی 16 فروری 2013 کو خودکشی کر لی تھی۔