گوپاورم میںC.P.L فیکٹری کا افتتاح، 2 ہزار سے زائد روزگار کے مواقع

   

وائی ایس آر کینسر ہاسپٹل اور دیگر ترقیاتی کاموں کا بھی آغاز، چیف منسٹر جگن موہن ریڈی کا زبردست خیرمقدم

کڑپہ۔/23 ڈسمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) چیف منسٹر آندھرا پردیش وائی ایس جگن موہن ریڈی نے آج تین روزہ دورہ ضلع کڑپہ پر کڑپہ ایر پورٹ پہنچے۔ 11:30 بجے کڑپہ ایر پورٹ پہنچنے پر انچارج وزیر کڑپہ اے سریش، ڈپٹی چیف منسٹر ایس بی امجد باشاہ ، کڑپہ کے رکن پارلیمان وائی ایس اویناش ریڈی، اراکین اسمبلی رویندرا ناتھ ریڈی، شیوا پرساد ریڈی، رگھو رامی ریڈی، ضلع کلکٹر کڑپہ وجیا راما راجیو نے ان کا استقبال کیا۔ مقامی قائدین سے ملاقات کے بعد بذریعہ خصوصی ہیلی کاپٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی بدول کے گوپاورم روانہ ہوگئے جہاں پر انہوں نے سنچیوری پیانلس لمیٹیڈ C.P.L فیکٹری کا افتتاح کیا۔ انڈسٹریل پارک میں ایک سو ایکڑ پر اس فیکٹری کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ 956 کروڑ سے یہ فیکٹری قائم کی گئی ہے جس میں 2266 افراد کو روزگار مہیا کیا گیا ہے۔ وائی ایس جگن موہن ریڈی گوپاورم میں پروگرام کے بعد 2:40 بجے کڑپہ میں واقع Rims میں ہیلی پیاڈ پہنچے جہاں پر انہیں انچارج وزیر اے سریش ، آر ٹی سی چیرمین ملکارجن ریڈی، حج کمیٹی چیرمین غوث اعظم ، میئر کڑپہ کے سریش بابو، افضل خان اور دیگر نے ان کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔ چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی نے Rims میں نئے تعمیر کردہ وائی ایس آر سوپر اسپیشالیٹی ہاسپٹل ، ڈاکٹر وائی ایس آر انسٹی ٹیوٹ آف مینٹل ہیلت اور ڈاکٹر وائی ایس آر کینسر ہاسپٹل کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ضلع کلکٹر کڑپہ وجیا راما راجیو، ضلع ایس پی سدھارتھ کوشیل کے علاوہ ڈپٹی چیف منسٹر آندھرا پردیش ایس بی امجد باشاہ اور دیگر قائدین و ضلع کے اعلیٰ عہدیداران موجود تھے۔