گوڈسے کو محب وطن کہنا تو دور سوچنا بھی قابل مذمت

,

   

راجناتھ سنگھ کی وضاحت، پرگیہ سنگھ کے گوڈسے کو محب وطن قرار دینے پر پارلیمنٹ میں ہنگامہ

نئی دہلی ۔ 28نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی رکن پارلیمنٹ پرگیہ سنگھ ٹھاکر کی جانب سے پارلیمنٹ میں گذشتہ دنوں ناتھو رام گوڈسے کو محب وطن قرار دیئے جانے کے بعد اپوزیشن جماعتوں نے شدید تنقید کی ہے ۔ اپوزیشن جماعتوں کے اعتراضات کا جواب دیتے ہوئے وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے آج کہا کہ ناتھورام گوڈسے کو محب وطن کہنا تو دور ایسی سوچ و فکر رکھنے کی بھی وہ مذمت کرتے ہیں ۔ واضح رہے کہ مالیگاؤں بم دھماکے کی ملزمہ اور مدھیہ پردیش سے بی جے پی کی ٹکٹ پر کامیاب ہونے والی پرگیہ سنگھ ٹھاکر نے پارلیمنٹ میں دیئے گئے اپنے بیان میں مہاتما گاندھی کے قاتل ناتھو رام گوڈسے کو نہ صرف محب وطن قرار دیا بلکہ قوم اور ملک کے لئے اُسے ایک مارگ درشک ( مشعل راہ ) قرار دیا جس کے بعد اپوزیشن جماعتوں نے شدید ہنگامہ آرائی کی ۔ حالانکہ اسپیکر لوک سبھا اوم برلا نے اپوزیشن جماعت کو یقین دلایا کہ پرگیہ سنگھ ٹھاکر کی ریمارک کو ریکارڈ سے حذف کردیا گیا ہے ۔ تاہم اسپیکر کے جواب سے عدم مطمئن اپوزیشن جماعتیں کانگریس کی قیادت میں پارلیمنٹ سے واک آؤٹ کردیا ۔ قائد اپوزیشن ادھیر رنجن چودھری نے کہا کہ پرگیہ نے گوڈسے کو محب قرار دیا اور کانگریسیوں کو ایک دہشت گرد جماعت کہا ہے ۔ حقیقت یہ ہے کہ ہزاروں کی تعداد میں کانگریسی ارکان نے اپنے ملک اور قوم کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے تو پھر کس طرح وہ پارلیمنٹ کے اندر اس طرح کے ریمارک کرنے کی جرأت کرسکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم پرگیہ کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں ۔ کانگریس نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی مہاتما گاندھی اور نہرو کے نام پر سیاست کا کھیل رہی ہے ۔ واضح رہے کہ ایوان کی کارروائی شروع ہوتے ہی کانگریس، ترنمول کانگریس، ڈی ایم کے اور مجلس اتحادالمسلمین (ایم آئی ایم) کے ارکان نے پرگیہ سنگھ ٹھاکر کے بیان پر ہنگامہ شروع کر دیا۔لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے کہا کہ پرگیہ ٹھاکر کے بیان کو ایوان کی کارروائی سے نکال دیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ان کا بیان ریکارڈ میں نہیں ہے تو اس پر بحث کس طرح ہو سکتی ہے ؟وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ اگر کوئی ناتھو رام گوڈسے کو محب وطن سمجھتا ہے تو ہماری پارٹی اس کی مذمت کرتی ہے ۔ پرگیہ سنگھ ٹھاکر نے ناتھو رام گوڈسے کو محب وطن کہے جانے کے بعد کافی ہنگامہ ہوا تھا اگرچہ لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے اسی وقت واضح کر دیا تھا کہ محترمہ ٹھاکر کا بیان لوک سبھا کی کارروائی کا حصہ نہیں ہو گا۔تاہم اپوزیشن جماعتوں نے کانگریس کی زیر قیادت پارلیمنٹ سے واک آؤٹ کردیا ۔

ہنگامہ کے بعدسادھوی کا دوبارہ متنازعہ ٹوئیٹ
بھوپال ،28نومبر(سیاست ڈاٹ کام)مدھیہ پردیش کے شہر بھوپال سے رکن پارلیمان پرگیہ سنگھ ٹھاکر کے بیان پر مچے ہنگامہ کے بیچ آج انکا ایک ٹوئیٹ موضوع بحث بن گیا۔بھارتیہ جنتاپارٹی (بی جے پی )کی رکن پارلیمان پرگیہ سنگھ ٹھاکر نے ٹوئیٹ میں لکھا،‘‘ کبھی کبھی جھوٹ کا بونڈر اتنا گہرا ہوتاہے کہ دن میں بھی رات لگنے لگتی ہے ،لیکن سورج اپنی روشنی نہیں کھوتا۔پل بھر کے بونڈر میں لوگ گمراہ نہ ہوں ،سورج کی روشنی دائمی ہے ۔سچ یہی ہے کہ کل میں نے اودھم سنگھ جی کی توہین برداشت نہیں کی ۔

پرگیہ ٹھاکرکی رکنیت ختم ہونی چاہیئے: تیاگی
نئی دہلی، 28نومبر (سیاست ڈاٹ کام) جنتادل (یو) کے سینئر لیڈر کے سی تیاگی نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی رکن پارلیمان پرگیا ٹھاکر کی لوک سبھا کی رکنیت ختم کرنے کی جمعرات کو مطالبہ کیا۔مسٹر تیاگی نے یہاں ایک بیان میں پرگیہ ٹھاکر کے ناتھورام گوڈسے کی شان میں قصیدے پڑھنے کی کوششوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہاکہ ان کی لوک سبھا کی رکنیت ختم ہونے سے لوگوں میں ایک پیغام جائے گا اور مستقبل میں کوئی رکن ایسا رویہ نہیں اختیار کرسکے گا۔