گوڈسے کو محب وطن کہنے پر ناگا بابو کے خلاف مقدمہ درج

   

حیدرآباد۔21 مئی (سیاست نیوز) عثمانیہ یونیورسٹی پولیس نے ٹالی ووڈ اداکار اور ٹی وی شو کے فنکار ناگا بابو کے خلاف قابل اعتراض مواد شائع کرنے کی پاداش میں مقدمہ درج کیا ، جس میں انہوں نے باباے قوم مہاتما گاندھی کی تذلیل کرنے کی کوشش کی تھی۔ اداکار نے اپنے ٹویٹر ہینڈل سے یہ مواد شائع کیا۔تلنگانہ کانگریس کے رہنما کے ماناوتھا رائے نے شکایت درج کرواتے ہوئے الزام لگایا کہ ناگا بابو کے ٹویٹ سے گاندھی جی کی بے عزتی ہوئی ہے اور انہوں نے آزادی پسندوں کے قاتل نتھورام گوڈسے کی تعریف کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ٹویٹ سوشل میڈیا پر بڑے پیمانے پر پھیلائی گئی اور بہت سے لوگوں کے جذبات کو مجروح کیا۔شکایت کنندہ نے یہ بھی کہا ہے کہ ناگا بابو نے گوڈسے کی حمایت کی اور انہیں ایک حقیقی محب وطن کہا۔ عثمانیہ یونیورسٹی پولیس نے ناگا بابو کے خلاف انفارمیشن ٹکنالوجی (آئی ٹی) ایکٹ اور دیگر متعلقہ دفعات کے تحت مقدمات درج کیا ۔