میئر کے دفتر میں بی جے پی کارپوریٹرس کا غنڈوں جیسا مظاہرہ : کے ٹی آر
حیدرآباد ۔ 24 نومبر ۔ (سیاست نیوز) ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے بی جے پی کے کارپوریٹرس کی جانب سے کل جی ایچ ایم سی کے ہیڈ آفس میں توڑ پھوڑ کرنے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ گوڈسے کے بھگتوں سے گاندھیائی راستہ اختیار کرنے کی کیسے توقع کی جاسکتی ہے ۔ ٹی آر ایس کے کارپوریٹرس نے آج جی ایچ ایم سی میں بی جے پی کی گندگی کو دودھ سے دھودیا ۔ ٹی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے آج ایک ٹوئیٹ کرتے ہوئے بی جے پی کارپوریٹرس کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ روڈی اور غنڈوں جیسا مظاہرہ کیا گیا ہے ۔ اس واقعہ کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کرنے کی حیدرآباد پولیس کمشنر انجی کمار سے اپیل کی ۔ ٹی آر ایس کے کارپوریٹرس نے آج جی ایچ ایم سی ہیڈ آفس میں بی جے پی کارپوریٹرس کے خلاف بطور احتجاج صاف صفائی کا اہتمام کرتے ہوئے دودھ سے دھویا اور بی جے پی کارپوریٹرس کے احتجاج کو جی ایچ ایم سی کی تاریخ کا یوم سیاہ قرار دیا اور میئر جی وجئے لکشمی کو ایک یادداشت پیش کرتے ہوئے بی جے پی کارپوریٹرس کو نااہل قرار دینے کامطالبہ کیا۔ ٹی آر ایس کے کارپوریٹرس نے کہاکہ ایک منظم سازش کے تحت بی جے پی کے کارپوریٹر نے میئر کے چیمبر میں فرنیچر کو نقصان پہونچایا اور احاطہ میں دوسری اشیاء کی توڑ پھوڑ کی ہے ۔ شہر حیدرآباد کی ترقی سے بی جے پی بوکھلاہٹ کا شکار ہے ۔ عوامی مسائل پر مباحث کیلئے اور بھی کئی پلیٹ فارمس ہیں تشدد مسئلہ کا حل نہیں ہے ۔ ٹی آر ایس کے کارپوریٹرس نے بی جے پی کارپوریٹرس کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔ ن